دہلی میں زبردست بارش : شدید گرمی سے راحت

نئی دہلی 17 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) دارالحکومت دہلی میں آج معمول سے تیز بارش ہوئی اور یہاں کے عوام کو شدید گرمی سے راحت نصیب ہوئی تاہم اس کے نتیجہ میں کئی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا اور ٹریفک نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ۔ دہلی میں گذشتہ چند دنوں سے شدید گرمی کی لہر چل رہی تھی جس سے عوام پریشان تھے ۔ محکمہ موسمیات کے بموجب صفدر جنگ علاقہ میں آج رات 8.30 بجے تک 41.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ پالم علاقہ میں بارش 87 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے ۔ شام کے وقت ہونے والی اس بارش کے نتیجہ میں درجہ حرارت میں 10 ڈگری کی زبردست کمی ہوئی اور یہ گھٹ کر 26.4 ڈگری سلسئیس ہوگیا تھا ۔ تاہم دن میں اعظم ترین درجہ حرارت معمول سے تین ڈگری زیادہ یعنی 36.8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ اقل ترین درجہ حرارت 28.9 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رات بھر میں معمولی بارش کا سلسلہ جاری رہے گا ۔بارش کے نتیجہ میں جہاں عوام کو گرمی سے راحت ہوئی ہے وہیں کئی مقامات پر پانی جمع ہوگیا جس کے نتیجہ میں ٹریفک نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا ۔