دہلی میں رات دیر گئے افریقی خواتین پر حملہ سابق وزیر سومناتھ بھارتی کیخلاف ضمنی چارج شیٹ پیش

نئی دہلی، 3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی پولیس نے افریقی خواتین کے ساتھ بدتمیزی کے کیس میں عام آدمی پارٹی لیڈر سومناتھ بھارتی کے خلاف آج شہری عدالت میں سپلیمنٹری چارج شیٹ داخل کردی جبکہ گزشتہ سال منشیات کی تلاشی کے بہانہ ایک گروپ نے افریقی خواتین سے ان کے مکانات میں گھس کر بدتمیزی کی تھی، اُس وقت سومناتھ بھارتی نے بحیثیت وزیر قانون اس گروپ کی قیادت کی تھی۔ میٹرو پالیٹن مجسٹریٹ انکت لال کے روبرو ضمنی اور قطعی رپورٹ پیش کرتے ہوئے دہلی پولیس نے عدالت کو مطلع کیاکہ سومناتھ بھارتی کے خلاف قانونی چارہ جوئی کیلئے مجاز حکام نے اجازت دے دی ہے۔ دہلی پولیس نے 22 صفحات پر مشتمل رپورٹ کے ساتھ فارنسک سائنس لیباریٹری کی رپورٹ بھی منسلک کی ہے۔ عدالت نے تحقیقاتی عہدیدار وجئے چندال کی رپورٹ پر غور و خوض کیلئے 20 اکٹوبر تاریخ مقرر کی ہے جبکہ پولیس نے سومناتھ کو ان کی بیوی کی شکایت پر گھریلو تشدد کیس میں گرفتار کرلیا ہے۔ قبل ازیں 27 ستمبر کو داخل کردہ اصل چارج شیٹ میں پولیس نے بتایا کہ پرتشدد ہجوم نے 9 افریقی خواتین پر حملہ اور ظلم و زیادتی کی تھی جس کی قیادت وزیر قانون سومناتھ کررہے تھے۔ پولیس نے 41 افراد کو بحیثیت سرکاری گواہ پیش کیا تھا۔
سومناتھ بھارتی کو آگرہ ، متھرا سے دہلی کو واپس لایا گیا
دریں اثناء سومناتھ بھارتی کو آج دہلی پولیس نے دارالحکومت کو واپس لایا، جبکہ پولیس انھیں آگرہ اور متھرا کے اطراف و اکناف کے مقامات کو لے گئی تھی تاکہ انھیں مبینہ طور پر پناہ دینے والوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے ان کا سامنا کرایا جاسکے۔ ایک سینئر پولیس افسر نے کہا کہ بنّے سنگھ جو پولیس کے مطابق آگرہ میں عام آدمی پارٹی کا نمایاں لیڈر ہے، اُس کے رشتے داروں نے سومناتھ کو پہچانا اور بتایا کہ سابق وزیر نے وہاں دو رات قیام کیا جبکہ وہ گرفتاری سے بچنا چاہتے تھے۔