دہلی میں دہشت گرد حملے کرنے انڈین مجاہدین کا منصوبہ

نئی دہلی ۔ 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سرکردہ انڈین مجاہدین کارکن تحسین اختر ممنوعہ تنظیم کے دیگر ارکان کی مدد سے قومی دارالحکومت دہلی پر دہشت گرد حملہ کا منصوبہ بنا رہا تھا۔ دہلی پولیس نے آج عدالت کو یہ بات بتائی۔ دہلی پولیس کے اسپیشل سیل کے مطابق تحسین اختر عرف مونو نے گرفتاری کے بعد یہ انکشاف کیا کہ وہ انڈین مجاہدین کا رکن ہے اور دہلی کے علاوہ دیگر ریاستوں میں کئی دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے۔ اس وقت وہ دیگر ارکان کے ساتھ مل کر دہشت گرد حملے کا منصوبہ بنا رہا تھا۔ اسپیشل سیل نے تحسین اختر اور اس کے ساتھی ضیاء الرحمن عرف وقاص اور دیگر تین انڈین مجاہدین کے مشتبہ ارکان محمد مہروف، وقاراظہر اور محمد ثاقب انصاری کو 15 دن کیلئے تحویل میں دینے کی درخواست کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔ ایڈیشنل سیشن جج دیا پرکاش نے 5 ملزمین کو 13 دن کیلئے پولیس تحویل میں دے دیا۔

اسپیشل سیل نے ریمانڈ درخواست میں بتایا کہ وقاص نے تفتیش کے دوران یہ انکشاف کیا ہیکہ 22 مارچ کو وہ دہلی میں دہشت گرد سرگرمیوں کی ذمہ داری مہروف، ثاقب اور اظہر کے سپرد کرنے کے مقصد سے جئے پور جارہا تھا۔ تحسین اختر کی ہدایت پر وہ ایسا کررہا تھا۔ پولیس نے یہ بھی کہا کہ وقاص نے تفتیش کے دوران بتایا کہ وہ اور اختر نے جئے پور اور جودھ پور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ثاقب، مہروف اور اظہر کو آئی ای ڈی کی ٹریننگ دی تاکہ وہ دہشت گرد سرگرمیاں انجام دے سکیں۔ قبل ازیںانڈین مجاہدین کے دو اہم کارکنوں تحسین اختر اور ضیاء الرحمن عرف وقاص کو تحویل میں لینے کیلئے دہلی پولیس کے خصوصی سیل اور قومی تحقیقاتی ایجنسی کے درمیان دہلی کی ایک عدالت میں گرماگرم بحث دیکھی گئی ۔ دہلی پولیس اور این آئی اے نے تحسین اختر کو تحویل میں لینے کیلئے اپنا اپنا دعویٰ پیش کیا تھا۔