نئی دہلی ۔ 28 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی دہلی کے مصروف ترین لاجپت علاقہ میں دن دھاڑے ڈکیتی کی سنگین واردات پیش آئی جہاں ایک تاجر کے پانچ ملازمین کے پاس سے 7.69 کروڑ روپئے کی رقم لوٹ لی گئی ۔ یہ رقم بینک میں جمع کرانے کیلئے لے جائی جارہی تھی۔ یہ رقمی اعتبار سے قومی دارالحکومت میں اپنی نوعیت کی سب سے بڑی ڈکیتی قرار دی جارہی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ 9 بجے صبح گرگاؤں کے ایک تاجر و فینانسر دیگر تین ملازمین کے ساتھ کار میں قرول باغ جارہے تھے اور وہ دو علحدہ بینکوں میں یہ رقم جمع کرانے والے تھے۔ لاجپت نگر میٹرو اسٹیشن کے قریب تقریباً 5 تا 6 مسلح افراد نے ان کی کار روک دی اور 7.69 کروڑ روپئے کی نقد رقم و کار لیکر فرار ہوگئے۔ پولیس میں اس واقعہ کے تعلق سے متضاد نوعیت کی شکایات درج کرائی گئی اور اس واقعہ کے بارے میں الجھن پائی جاتی ہے۔