دہلی میں حکومت اور لیفٹننٹ گورنرمیں پھر رسہ کشی

انیل بائیجل نے تین بیوروکریٹس کا تبادلہ کردیا، حکومت برہم
نئی دہلی ۔10 جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) ایسے اقدام میں جو حکومت دہلی اور لیفٹننٹ گورنر کے دفتر کے درمیان تازہ تنازعہ چھیڑ سکتا ہے ، ایل جی انیل بائیجل نے تین آئی اے ایس افسروں کا تبادلہ کردیا ہے ۔ ایل جی کا اقدام ایسے وقت سامنے آیا جبکہ چند روز قبل سپریم کورٹ نے ایل جی کے اختیارات کو محدود بتاتے ہوئے دہلی میں اُن کے دائرہ کار کی وضاحت کی تھی ۔ چنانچہ پولیس اور لاء اینڈ آرڈر کے اُمور میں ایل جی کے محدود اختیارات بتائے گئے ۔ تاہم سرویسیس ڈپارٹمنٹ ہنوز دونوں فریقوں کے درمیان متنازعہ معاملہ بنا ہوا ہے ۔ ایک نئے حکمنامہ کے مطابق سومیا گپتا کی جگہ سنجے گوئیل کو ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ ڈائرکٹر بنادیا گیا ۔ اسی طرح ساؤتھ ڈی ایم سی کے ڈپٹی کمشنر چنچل یادو کا اسپیشل سکریٹری برائے ایل جی کی حیثیت سے تبادلہ کردیا گیا ہے ۔ وسنت کمار کو اسپیشل کمشنر ( ٹریڈ اینڈ ٹیکسیس ) بنایا گیا ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر منیش سسوڈیہ نے ایل جی کی جانب سے اس اقدام کی سخت نکتہ چینی کی ہے ۔