دہلی میں جمنا کی آبی سطح خطرے کے نشان سے اوپر، طغیانی کا اندیشہ

نئی دہلی۔28 جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) دار الحکومت دہلی اور اطراف میں گزشتہ دو دنوں سے ہونے والی بارش اور ہریانہ کے ہتھنی کنڈ بیراج سے مسلسل پانی چھوڑے جانے سے دہلی میں ہفتہ کو جمنا ندی کی آبی سطح خطرے کے نشان کو پار کر گئی۔ شام تک پانی کی سطح مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔ دہلی کے سیلاب کنٹرول محکمہ کے مطابق لوہے کے پل پر جمنا ندی کی آبی سطح 205.16 میٹر ہو گیا ہے جو خطرے کے نشان204.83 میٹر سے0.33 میٹر زیادہ ہے ۔ محکمہ کے مطابق ہتھنی کنڈ بیراج سے پانی برابر چھوڑا جا رہا ہے اور رات نو – دس بجے کے درمیان پانی کی سطح مزید بڑھ کر 205.40 میٹر تک پہنچ سکتی ہے ۔ محکمہ نے بتایا کہ ہتھنی کنڈ بیراج سے چار لاکھ 24 ہزار 763 کیوسک پانی چھوڑا گیا ہے ۔ اس پانی کو دہلی پہنچنے میں 48 سے 72 گھنٹے کا وقت لگتا ہے ۔ مکمل پانی آ جانے پر پانی کی سطح میں اضافہ کا امکان ہے ۔ دریا میں پانی کی سطح کو دیکھتے ہوئے احتیاطا نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو الرٹ جاری کیا گیاہے ۔