دہلی میں جزوی طور پر آبرسانی بحال

نئی دہلی۔/23فبروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) شمالی اور وسطی دہلی کے بعض علاقوں میں آج صبح جزوی طور پر پانی کی سربراہی بحال کردی گئی جبکہ دہلی کے وزیر آبرسانی مسٹر کپل مصرا نے بتایا کہ مناک نہر کی مرمت تک پانی کی سربراہی محدود رہے گی جسے ہریانہ میں جاٹ برادری کے احتجاجیوں نے نقصان پہنچایا ہے۔ وزیر موصوف نے اپنے ٹیوٹر پر عوام کو مشورہ دیا ہے کہ آبرسانی کی مکمل بحالی تک پانی کو احتیاط سے استعمال کریں۔ قبل ازیں دہلی جل بورڈ کی ٹیموں نے کل شام وزیرآباد اور اوکھلا ٹریمٹنٹ پلانٹ کو کارکرد بنادیا تھا جبکہ چندورل پلانٹ کا کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جن علاقوں میں پانی کی سربراہی بند ہے وہاں ٹینکروں کے ذریعہ پانی سربراہ کیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ ہریانہ میں احتجاجیوں کی جانب سے مناک نہر کو نقصان پہنچانے کے بعد دہلی میں پانی کی سربراہی مسدوہوگئی تھی جس پر ریاستی وزیر مصرا نے مرکزی وزیر داخلہ اور وزیر دفاع سے گذارش کی تھی کہ مناک نہر کی مرمت کیلئے فوج کے انجینئرس کو طلب کیا جائے تاکہ شہریان دہلی کو پانی کی سربراہی بحال کی جاسکے۔ہریانہ میں احتجاج کی سزاء شہریان دہلی کو بھگتنی پڑرہی ہے جہاں سے پانی کی سربراہی روک دیئے جانے پر عوام مشکلات سے دوچار ہیں۔