حیدرآباد۔12اکٹوبر ( سیاست نیوز) کُل ہند کانگریس پارٹی جنرل سکریٹری و انچارج ریاست تلنگانہ اُمور کانگریس پارٹی مسٹر ڈگ وجئے سنگھ کے پاس دہلی میں 15اکٹوبر کو تلنگانہ کانگریس کمیٹی کے قائدین کا ایک اہم اجلاس منعقد ہونے کا قوی امکان ہے اور اس اجلاس میں سمجھا جاتا ہے کہ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا ‘ کارگذار صدر تلنگانہ کانگریس کمیٹی مسٹر اتم کمار ریڈی ‘ قائد اسمبلی کانگریس مقننہ پارٹی و سابق وزیر مسٹر کے جانا ریڈی ‘ قائد قانون ساز کونسل کانگریس پارٹی مسٹر ڈی سرینواس و محمد علی شبیر سابق وزیر ضلع کھمم سے تعلق رکھنے والی رکن راجیہ سبھا کانگریس پارٹی شریمتی رینوکا چودھری ‘ ارکان اسمبلی کانگریس پارٹی ضلع کھمم بٹی وکرامارکا ‘ رام ریڈی وینکٹ ریڈی ‘ پوواڈا اجئے کمار ‘ رکن قانون ساز کونسل کانگریس پارٹی مسٹرپی سدھاکر ریڈی و دیگر اہم قائدین شرکت کریں گے ۔ کانگریس پارٹی کے باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ مسٹر ڈگ وجئے سنگھ کے پاس دہلی میں اس مجوزہ اجلاس کے انعقاد کا اہم مقصد ریاست تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کی رکنیت سازی مہم شروع کرنے کانگریس پارٹی کی ریاست تلنگانہ کے تمام اضلاع میں سرگرمیوں کو تیز تر بناتے ہوئے پارٹی کو مضبوط و مستحکم بنانے کیلئے حکمت عملی کو قطعیت دینے کے علاوہ ضلع کھمم میں کانگریس پارٹی قائدین کے مابین پائے جانے والے شدید اختلافات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ان اختلافات کو ختم کرنے کیلئے موثر و مثبت اقدامات کرنا اور ریاست تلنگانہ کے تمام کانگریس قائدین کے مابین اتحاد و اتفاق کو فروغ دینے کے علاوہ پارٹی کو نچلی سطح سے مضبوط و مستحکم بنانے کے لائحہ عمل کو قطعیت دینا بھی شامل ہے ۔