دہلی میں تازہ اسمبلی انتخابات کے واضح آثار!

کوئی بھی جماعت حکومت تشکیل دینے تیار نہیں ، لیفٹننٹ گورنر کی مشاورت
نئی دہلی ۔ 3 نومبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) دہلی میں تازہ اسمبلی انتخابات کے واضح آثار دکھائی دے رہے ہیں کیونکہ بی جے پی ، عام آدمی پارٹی اور کانگریس نئی حکومت کی تشکیل کیلئے آمادہ نہیں ہے اور 8 ماہ سے جاری سیاسی غیریقینی ختم کرنے کیلئے وہ تازہ خط اعتماد حاصل کرنے کی خواہاں ہیں ۔ ایسے اشارہ بھی مل رہے ہیں کہ لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ اسمبلی کی تحلیل کیلئے صدرجمہوریہ کو کسی بھی وقت سفارش روانہ کرسکتے ہیں۔ انھوں نے آج تینوں سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کی ۔ بی جے پی نے حکومت تشکیل دینے لیفٹننٹ گورنر کی پیشکش قبول نہیں کی ۔ عام آدمی پارٹی اور کانگریس نے واضح کیا کہ وہ فوری انتخابات کے حق میں ہیں۔ لیفٹننٹ گورنر نے اس مسئلہ پر سپریم کورٹ کی حالیہ ہدایات کی روشنی میں مشاورت کی ہے جس نے اُنھیں تشکیل حکومت کے امکانات کا جائزہ لینے کیلئے 11 نومبر تک کیلئے وقت دیا ہے ۔ عدالت نے عام آدمی پارٹی کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے گورنر کو یہ ہدایت دی تھی ۔ بی جے پی کے ستیش اُپادھیائے اور جگدیش مکھی ، کانگریس کے ہارون یوسف اور عام آدمی پارٹی کے اروند کجریوال و منیش سیسوڈیا نے آج لیفٹننٹ گورنر سے ملاقات کی ۔ تمام تینوں جماعتوں نے تشکیل حکومت سے معذوری کا اظہار کیا۔ راج نواس کے ایک اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ لیفٹننٹ گورنر اپنی رپورٹ صدرجمہوریہ کو روانہ کرسکتے ہیں۔