نئی دہلی 10 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سینکڑوں کی تعداد میں عوام بشمول ممتاز سماجی جہدکار جیسے میدھا پاٹکر نے آج سنٹرل دہلی میں پارلیمنٹ اسٹریٹ پر جمع ہوکر بین الاقوامی یوم انسانی حقوق منایا اور 65 روزہ سمویدھان سمان یاترا کی اختتامی تقریب میں بھی شرکت کی۔ یہ یاترا مختلف ریاستوں میں پہنچی تھی جس میں جلسے اور مباحث منعقد کرتے ہوئے کسانوں، مزدوروں اور تشدد اور نفرت کے شکار متاثرین کی جدوجہد میں مدد پر زور دیا گیا۔ اس کا آغاز 2 اکٹوبر کو گجرات میں ڈانڈی سے ہوا تھا اور اس کا اختتام پیر کو دہلی میں پارلیمنٹ اسٹریٹ پر ایک ’جن سنسد‘ میں ہوا۔ اس پروگرام میں سماجی تحریکات، سیول سوسائٹی کے ارکان، نرمدا بچاؤ آندولن کے نمائندوں، نیلگریز کے قبائلیوں اور دیگر کئی افراد نے شرکت کی۔ انھوں نے اس موقع پر حب الوطنی کے گیت گائے اور آزادیٔ اظہار خیال کی حمایت میں نعرے لگائے۔ آندولن کی پاٹکر نے کہاکہ لوگوں نے ’’جشن سمویدھان‘‘ بھی منایا۔ اس کا مقصد دستور کی روح، عوام کی جدوجہد کا جشن منانا اور انسانی حقوق کے یونیورسل ڈیکلریشن کے حق کو پھر جتانا ہے۔ پاٹکر نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ یہ تقریب ایک پیام ہے کہ اگر ہمارے حقوق نہیں دیئے گئے تو اس طرح کا ایک احتجاج ہوگا جو حکومت کو باہر کردے گا‘‘۔