دہلی میں بین الاقوامی تجارتی میلہ کا اختتام

نئی دہلی۔/27نومبر،( سیاست ڈاٹ کام ) کھٹمنڈو میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات میں سرد مہری کے باوجود لاہور کے ایک فوڈ اسٹال کی انٹر نیشنل ٹریڈ فیئر میں خصوصی ستائشی ایوارڈ عطا کیا گیا ہے۔ دہلی میں بین الاقوامی تجارتی میلہ 2014 کے آخری دن لاہور ی غذاؤں کے اسٹال Lizza Food Lahore کو وزیر ثقافت و سیاحت مہیش شرما نے خصوصی ستائشی ایوارڈ پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف ممالک بشمول جنوبی افریقہ ، ہندوستانی ریاستوں کیرالا اور بہار کے شرکاء میں خصوصی ایوارڈ س تقسیم کئے۔ ہندوستان اور پاکستان میں کشیدگی کے باوجود پاکستانی اسٹال کو ایوارڈ دینے کی بابت دریافت کرنے پر مرکزی وزیر نے کہا کہ پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستی کیلئے ہندوستان ہمیشہ ایک قدم آگے رہا ہے۔ چاہے اٹل جی ہوں یا نریندر مودی ، ہم نے دوستی کا ہاتھ ہمیشہ دراز کیا ہے لیکن تالی تو دو ہاتھ سے بجتی ہے۔ مسٹر مہیش شرما نے مزید کہا کہ تجارتی میلوں سے ملک میں سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا اور سیاحتی شعبہ میں معیشت کو فروغ اور روزگار کے مواقع ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ اس مرتبہ بین الاقوامی تجارتی میلہ کی تھیم ’’ خاتون صنعت کار ‘‘ رکھی گئی تھی جو کہ 14تا17نومبر منعقد ہوا۔ اس میلہ میں دنیا بھر سے تقریباً 6000 شرکاء ( ایکزیبیٹرس ) تھے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا سالانہ تجارتی میلہ سیاحوں کیلئے پُرکشش ہوتا ہے جس کا ہرسال لاکھوں افراد مشاہدہ کرتے ہیں اور یہ میلہ مینو فیکچررس، اکسپورٹرس، ہندوستانی صناعوں اور بافندوں کی مصنوعات کی فروخت کے لئے ایک نادر موقع فراہم کرتا ہے۔ اس میلہ کا اہتمام انڈیا ٹریڈ پرموشن آرگنائزیشن نے کیا تھا۔