’’دہلی میں بندروں کی بہتات کا مسئلہ، حل تلاش کیا جائے‘‘

نائب صدرجمہوریہ ہند کی رہائش گاہ کو بھی بندروں سے مسئلہ لاحق
نئی دہلی ۔24 جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) قومی دارالحکومت کے شہری علاقوں میں بندروں کی بہتات و شرارت کا مسئلہ اب نائب صدرجمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو کی سرکاری رہائش گاہ تک پہونچ گیا ۔ انڈین نیشنل لوک دل کے رکن رام کمار کیشپ نے راجیہ سبھا میں وقفۂ صفر کے دوران یہ مسئلہ اُٹھایا ۔ انھوں نے کہاکہ ان کے گھر میں بندر درختیں اُکھاڑ رہے ہیں اور سوکھنے کیلے ڈالے جانے والے کپڑے اُٹھاکر بھاگ رہے ہیں ۔ انھوں نے کہاکہ بندروں کے حملے کے سبب پارلیمنٹ کے ایک رکن کو پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں تاخیر سے پہونچنا پڑا ہے۔ انھوں نے حکومت سے اس مسئلہ کا حل تلاش کرنے کی خواہش کی ۔ اس دوران وینکیا نائیڈو جو کرسی صدارت پر فائز تھے کہا کہ ’’حتی کہ نائب صدرجمہوریہ ہند کی سرکاری رہائش گاہ کو بھی بندروں کے مسئلہ کا سامنا ہے ‘‘ ۔ وینکیا نائیڈو نے مسکراتے ہوئے برجستہ انداز میں جانوروں کے حقوق کی جہدکار کی حیثیت سے معروف مینکا گاندھی کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ’’اُمید کرتا ہوں کہ مینکا گاندھی یہاں موجود نہیں ہوں گی ‘‘ ۔ انھوں نے ’’مملکتی وزیر پارلیمانی اُمور وجئے گوئیل سے کہا کہ دہلی میں بندروں سے لاحق مسئلہ کا کوئی حل تلاش کیا جانا چاہئے ‘‘۔