نئی دہلی ؍ ممبئی ۔ 16 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) قومی دارالحکومت نئی دہلی میں مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ شہر کے کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش جاری تھی جس کی وجہ سے ٹریفک جام واقع ہوگیا تھا ۔ کئی برقی ستون اُکھڑ کر گر پڑے تھے جس کی وجہ سے برقی سربراہی منقطع ہوگئی تھی اور نشیبی علاقے زیرآب آگئے تھے ۔ ممبئی سے موسلا اطلاع کے بموجب مہاراشٹرا کے کئی اضلاع میں زبردست بارش ریکارڈ کی گئی ۔ گنگاپور ، پربھنی ، احمد نگر ، ناسک ، اورنگ آباد اور ناندیڑ اضلاع میں زبردست بارش ہوئی ۔ محکمہ موسمیات کے بموجب قبائیلی غالب آبادی والے علاقہ ایگت پوری میں 216 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ تمام ذخائر آب 75 فیصد لبریز ہوچکے ہیں ۔ وسطی مہاراشٹرا اور مراٹھواڑہ میں بحیثیت مجموعی 500ملی میٹر بارش یکم جون سے اب تک ریکارڈ کی گئی ہے ۔