نئی دہلی۔18جنوری(سیاست ڈاٹ کام) یوم جمہوریہ پریڈ کے مقام راج پتھ پر وی وی آئی پی انکلوژر کے اطراف سات پرتوں پر مبنی سلامتی حلقہ بنایا جائے گا اور خصوصی طور پر نصب کئے جانے والے راڈرس کے ذریعہ اس علاقہ کی فضائی نگرانی کی جائے گی ۔ جشن یوم جمہوریہ ہند کی اس اصل تقریب میں امریکہ کے صدر بارک اوباما بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کریں گے ۔ ان تقاریب کے ضمن میں زمین سے آسمان تک سخت ترین سیکیورٹی کا منصوبہ بنایا گیا ہے جس کی ماضی میں کوئی نظیر نہیں ملتی ۔ ان انتظامات کے ذریعہ قومی دارالحکومت صدر اوباما کے دورہ کے موقع پر ناقابل تسخیر اور محفوظ ترین قلعہ میں تبدیل ہوجائے گا ۔ اوباما جشن جمہوریہ ہند تقاریب میں شرکت کرنے والے امریکہ کے پہلے صدر ہیں ۔ وہ تین روزہ دورہ پر 25جنوری کویہاں پہنچیں گے جس کے پیش نظر نئی دہلی کے ہر ایک علاقہ کی نگرانی اور حفاظتی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کیلئے کئی اداروں پر مشتمل ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے ۔ قومی دارالحکومت میںچوکسی کواعلیٰ ترین سطح تک بڑھا دیا گیا ہے ۔
اس تقریب کو لاحق خطرات اور اندیشے اگرچہ بہت زیادہ ہیں لیکن کسی دہشت گرد حملہ کے بارے میں کوئی ٹھوس انٹیلجنس اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے ۔ انتظامات اور تیاریوں میں مصروف عہدیداروں نے سیکیورٹی مشقوں کی وسیع تر تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد حملہ کے کوشش کو خارج از بحث قرار نہیں دیا جاسکتا لیکن ان خطرات کے بارے میں واضح طور پر خفیہ اطلاعات موصول نہں ہوئی ہیں ۔ امریکی خفیہ اداروں کے ماہرین جو پہلے ہی نئی دہلی اور آگرہ پہنچ چکے ہیں ان راستوں کا ابتدائی سروے کرلیا جہاں سے امریکہ کے صدر بارک اوباما گذرتے ہوئے راج پتھ پہنچ کر صدر جمہوریہ پرنب مکرجی ‘ وزیراعظم نریندر مودی اور دیگر کئی انتہائی اہم ترین شخصیات کے ساتھ بیٹھیں گے اور جشن جمہوریہ ہند کی سالانہ پریڈ کا مشاہدہ کریں گے ۔ غالباً یہ پہلا موقع ہوگا کہ صدر جمہوریہ کے ساتھ ان کی بلٹ پروف لیموزین گاڑی کے بجائے مہمان خصوصی علحدہ طور پر اس مقام پر پہنچیں گے ۔ اگر وہ صدر ہند کے ساتھ پہنچیں گے ‘ غالباً وہ ( اوباما) پہلے امریکی صدر ہوں گے جو اعلیٰ ترین سیکیورٹی سے آراستہ گاڑی سے سفر نہیں کریں گے ۔ مرکزی سیکیورٹی ایجنسیوں نے اپنے خفیہ مخالف دہشت گرد دستوں کو قومی دارالحکومت میں متحرک کردیا ہے
جنہوں نے اپنی ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے مختلف ہوٹلوں ‘ گیسٹ ہاؤز اور مخدوش سیکیورٹی والے علاقوں میں دھاوے کررہے ہیں ۔ آئی ٹی سی موریا ہوٹل پر جہاں صدر اوباما قیام کریں گے ‘ امریکی خفیہ خدمات کے عملہ نے اپنا کنٹرول حاصل کرلیا ہے ۔ امریکی عہدیدار وہاں قائم شدہ خصوصی کنٹرول روم کی نگرانی کررہے ہیں ۔ نئی دہلی میں نصب کئے جانے والے تقریباً 15,000سی سی ٹی وی کیمروں کے فوٹیج دیکھنے کیلئے قائم شدہ کنٹرول رومس کی نگرانی کرنے والی ٹیموں میں امریکی سیکیورٹی اہلکار بھی شامل رہیں گے ۔ راج پتھ اور اطراف کے علاقہ کو ’’ نو فلائی زون ‘‘ ( خطعہ عدم پرواز) بنادیا جائے گا اور فضائی حدود کی کسی بھی خلاف ورزی کو ناکام بنانے کیلئے طیارہ شکن توپ اور بندوق نصب کئے جارہے ہیں ۔ راج پتھ کے اطراف تمام دفاتر اور زیرزمین میٹرو خدمات کو امریکی سیکیورٹی عہدیداروں کی درخواست پر جشن جمہوریہ پریڈ سے 72گھنٹے قبل بند کردیا جائے گا ۔ تمام بلند عمارتوں پر خفیہ نشانہ باز تعینات کئے جارہے ہیں ۔ ان تیاریوں کے ضمن میں سیکیورٹی مشقوں کا ریہرسل کیا جارہا ہے اور امریکی ٹیمیں یہ ریہرسل میں شامل ہیں ۔