دہلی میں آج پردیش کانگریس قائدین کا اجلاس

صدر راج کے نفاذ اور نئی حکومت تشکیل دینے کی تجاویز پر غوروخوض کیا جائے گا

حیدرآباد۔24فبروری( سیاست نیوز) کانگریس کے جنرل سکریٹری و انچارج آندھراپردیش کانگریس اُمور مسٹر ڈگ وجئے سنگھ نے آندھراپردیش کے قائدین کا 25فبروری کو دہلی میں خصوصی اجلاس طلب کیا ہے جس میں نئی حکومت کی تشکیل کے علاوہ صدر راج نافذ کرنے پر غوروخوض کیا جائے گا ۔ صدر پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر بی ستیہ نارائنا نے آج دہلی میں مسٹر ڈگ وجئے سنگھ سے ملاقات کی ۔ ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ حکومت تشکیل دینے کیلئے کانگریس کے پاس اکثریت ہونے کا دعویٰ کیا ۔ باثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ کانگریس پارٹی ٹی آر ایس اور مجلس کی تائید حاصل کرتے ہوئے حکومت تشکیل دینے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔ ڈگ وجئے سنگھ کی ہدایت پر صدر پردیش کانگریس کمیٹی نے ریاست کے تمام سینئر قائدین کو کل 11 بجے تک دہلی میں دستیاب رہنے کی ہدایت دی ہے ۔ صدر پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پی ستیہ نارائنا نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں تشکیل حکومت کیلئے کانگریس پارٹی کے پاس درکار اکثریت موجود ہے ‘ اسلئے وہ حکومت تشکیل دینے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے ۔ انہوں نے ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر انتخابات کو کچھ دنوں کیلئے ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا ۔

انہوں نے کہاکہ علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے کا مطالبہ کرنے والی تلگودیشم ‘ وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے لمحہ آخر میں اپنا موقف تبدیل کرتے ہوئے ان پر بھروسہ کرنے والے عوام کو دھوکہ دیاہے ۔ چیف منسٹر کے دعویداروں کے نام دریافت کرنے پر صدرپردیش کانگریس کمیٹی نے کہاکہ کانگریس میں کئی قائدین اہل ہیں ‘ کسی کو بھی چیف منسٹر بنانے پر کسی کو اعتراض نہ ہونے کا دعویٰ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اشتعال انگیز نعرے دیتے ہوئے صدر تلگودیشم پارٹی چندرا بابو نائیڈو سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں مگر وہ اپنے مقصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی میں شامل رہنے والے قائدین ہی ڈگ وجئے سنگھ سے ملاقات کرنے کا تیقن دیا ۔ انہوں نے ریاست کی تقسیم سے سیما آندھرا کے عوام میں ناراضگی ہونے کا اعتراف کیا اور کہا کہ دوبارہ کانگریس پارٹی برسراقتدار نہ آنے کی صورت میں تمام فلاحی اسکیمات ٹھپ ہوجانے کا دعویٰ کیا ۔