دہلی سے جموں کیلئے صبح کی پرواز کا آغاز

جموں 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایر انڈیا کی جانب سے 8 اپریل سے نئی دہلی سے جموں کے لئے صبح میں ایک پرواز شروع کی جارہی ہے۔ اس طرح جموں کو دارالحکومت دہلی سے جوڑنے کی اہم کوشش ہے۔ مرکزی وزیر مملکت برائے پی ایم او جیتندر سنگھ نے کہاکہ 8 اپریل سے شروع ہونے والی یہ ایر انڈیا کی فلائیٹ نئی دہلی سے جموں کے لئے صبح میں چلائی جائے گی۔ اس بات کا فیصلہ آج مرکزی وزیر شہری ہوا بازی راجیو نین چھوبے کی زیرقیادت اجلاس میں کیا گیا۔ جتندر سنگھ نے جموں کے لئے ایک زائد پرواز چلانے کی تجویز رکھی تھی۔ صبح کی اولین ساعتوں میں اور شام میں ایک فلائیٹ کی ضرورت محسوس کی جارہی تھی۔ یہ فلائیٹ دہلی میں صبح 7.45 بجے اُڑان بھرے گی اور صبح 9 بجکر 30 منٹ کو جموں پہونچے گی اور واپس 10.30 بجے دہلی آئے گی۔ یہ فلائیٹ دن میں 3 مرتبہ چلائی جائے گی ۔