نئی دہلی ۔ 7 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) دہلی دنیا کا آلودہ ترین شہر ہے۔ عالمی تنظیم صحت کی ایک رپورٹ کے بموجب جو آج جاری کی گئی، فضائی آلودگی کے اعتبار سے موصولہ معلومات کے نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ دنیا کے 91 ممالک کے 1600 شہر فضائی آلودگی کا شکار ہے اور دہلی میں فضائی آلودگی سب سے زیادہ ہے۔ ننھے منے زراعت جن سے عوام کو تنفس کے امراض لاحق ہونے کا اندیشہ ہوتا ہے، دہلی کی فضاء میں کثرت سے موجود ہیں۔ عالمی تنظیم صحت نے کہا کہ دہلی میں صورتحال اتنی ابتر ہے کہ 153 مائیکرو گرام ہوا میں پی ایم2.5 ارتکاز ہونے کے بجائے پی ایم 10 ارتکاز موجود ہے،
جو اجازت یافتہ حدود سے زیادہ ہے۔ اس کے برعکس بیجنگ جو کبھی دنیا کا آلودہ ترین شہر سمجھا جاتا تھا، اس میں اب 56 مائیکرو گرام ہوا میں پی ایم 2.5 اور 131 مائیکرو گرام میں پی ایم 10 ارتکاز پایا جاتا ہے۔ یہ معلومات 2008 ء سے 2013 تک کے عرصہ کا احاطہ کرتی ہیں جبکہ 2011 اور 2012 ء میں صورتحال مزید ابتر ہوچکی ہے۔ عالمی بیماریوں کے بوجھ کے تخمینہ کے بموجب ہندوستان میں فضائی آلودگی سے ہلاکتوں میں ملک کا دنیا بھر میں پانچواں مقام ہے۔