نئی دہلی ۔27 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے آج واضح کردیا کہ دہلی کے عام آدمی پارٹی کو دی جانے والی تائید پر دوبارہ غور کرنے کے معاملہ میں کوئی جلدی نہیں ہے ۔ تاہم کانگریس نے دہلی حکومت کے انداز کارکردگی پر افسوس و ناخوشی کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں عام آدمی پارٹی کے ایک وزیر سومناتھ بھارتی کی جانب سے صدرجمہوریہ پرنب مکرجی کے یوم آزادی خطاب پر کی گئی تنقیدوں کی سخت مذمت کی ۔ کانگریس کے سینئر ترجمان مکل واسنک نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’( عام آدمی پارٹی کی تائید کے ) فیصلہ پر پہونچنے سے قبل کئی پہلوؤں پر غور و خوض ضروری ہے ۔ ایسا بھی نہیں ہوسکتا کہ آج ہم کسی کی تائید کردیئے اور کل اس سے دستبردار ہوگئے ۔ ہم ایسی باتوں پر آسان انداز میں کوئی فیصلہ نہیں کرسکتے ۔ ہمیں صبر سے کام لینا ہوتا ہے ‘‘۔ مسٹر واسنک نے کہا کہ دہلی کی صورتحال سے کانگریس باخبر ہے اور وہ خاموشی کے ساتھ تبدیلیوں کا مشاہدہ کررہی ہے۔