نئی دہلی ۔ 3 جون (سیاست ڈاٹ کام) چلچلاتی دھوپ اور گرمی کی لہر نے آج قومی دارالحکومت میں برقی کی کھپت کو 6,612 میگاواٹ تک پہنچا دیا جو جاریہ موسم گرما میں سب سے زیادہ شرح ہے۔ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40.6 ڈگری سلسیس درج ہوا جو ایرکنڈیشنرس اور کولرس کے استعمال میں اضافہ کا سبب بنا۔ دہلی میں برقی کی سب سے زیادہ طلب سہ پہر 3.23 بجے ریکارڈ ہوئی جو رواں سال سب سے زیادہ ہے۔ برقی سربراہی کے اداروں نے بتایا کہ 2019ء کے سیزن کے دوران برقی کی زیادہ سے زیادہ طلب 7,400 میگاواٹ تک پہنچ سکتی ہے۔ گذشتہ سال اوسطاً تقریباً 3000 میگاواٹ برقی کی کھپت ہوئی تھی۔