دہلی اسمبلی کی تحلیل میں کوئی رکاوٹ نہیں : سپریم کورٹ

نئی دہلی 7 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) سپریم کورٹ نے آج کہا کہ صدر جمہوریہ کی جانب سے دہلی اسمبلی کو تحلیل کرنے اور تازہ انتخابات کے انعقاد میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں ہے ۔ تاہم آر ایم لودھا کی قیادت والی ایک بنچ نے واضح کیا کہ صدر جمہوریہ کو چاہئے کہ و ہ حقائق اور حالات کی مطابقت میں فیصلہ کریں۔ بنچ نے کہا کہ ہم یہ واضح کرتے ہیں کہ صدر جمہوریہ کی جانب سے حقائق

اور حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے اسمبلی کو تحلیل کرکے تازہ انتخابات کروانے کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے ۔ بنچ نے کہا کہ ہم صرف قانونی موقف کو واضح کر رہے ہیں اور کیا کرنا چاہئے یا کس طرح کرنا چاہئے یہ فیصلہ کرنا صدر جمہوریہ کا کام ہے ۔ عدالت نے کانگریس ‘ بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کے وکیلوں کی جانب سے یہ اتفاق کرنے کے بعد یہ رائے ظاہر کی کہ انہیں بھی دہلی اسمبلی کی تحلیل پر کوئی اعتراض نہیں ہے ۔