نئی دہلی ۔ 22 جون (سیاست ڈاٹ کام) دہلی بجٹ سشن سے ایک دن قبل بی جے پی نے عام آدمی پارٹی پر دستوری قواعد کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا اور کہا کہ بے شمار موضوعات بشمول سابق وزیرقانون تومر کی جعلی ڈگری معاملہ اور برقی صورتحال پر حکومت کو نشانہ بنایا جائے گا۔ قائد اپوزیشن وجیندر گپتا نے بتایا کہ حکومت کو نشانہ بنانے اور اس کی نااہلی کو بے نقاب کرنے کیلئے پارٹی نے لائحہ عمل تیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں مارشلس کی تعیناتی کے ذریعہ دباؤ کی حکمت عملی کامیاب نہیں ہوگی۔ دہلی اسمبلی کا 6 روزہ سیشن کل سے شروع ہورہا ہے۔ 70 رکنی ایوان میں بی جے پی کے 3 ارکان ہیں لیکن پارٹی نے جتیندر سنگھ تومر جعلی ڈگری ، برقی ، پانی اور بلدی مسائل پر حکومت کو نشانہ بنانے کا تہیہ کیا ہے۔