دہلی اسمبلی اجلاس میں انتشار ،کارروائی ملتوی

نئی دہلی۔ 13 فروری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی اسمبلی اجلاس میں آج افراتفری کے مناظر دیکھے گئے جن کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ بی جے پی اور کانگریس ارکان اسمبلی ایوان کے وسط میں جمع ہوگئے تھے۔ انہوں نے مائیک توڑ دیئے اور ریاستی وزیر قانون سومناتھ بھارتی کے استعفے کا مطالبہ کیا کیونکہ انہوں نے ایک افریقی نژاد خاتون کی قیام گاہ پر آدھی رات کے دھاوے کی قیادت کی تھی۔ شور و غل کی وجہ سے اسپیکر اسمبلی ایم ایس دھیر کا اجلاس کل تک کیلئے ملتوی کرنے پر مجبور ہوگئے۔ اسمبلی کا خصوصی اجلاس چار دن جاری رہے گا۔ آج پہلا اجلاس تھا جو احتجاج اور نظم و ضبط شکنی کی نذر ہوگیا۔ ارکان نے ایک دوسرے پر فائلیں پھینکے اور بیانرس لہرائے ۔ بی جے پی اور کانگریس نے متفقہ طور پر ریاستی وزیر قانون کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے۔