کولمبو۔ 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے انتباہ دیا ہے کہ دہشت گردوں نے دھمکی دی ہے کہ سری لنکا میں اب بھی اس گروپ کے چند ارکان سرگرم ہیں، جو بڑے پیمانے پر خودکش حملے ایسٹر سنڈے کی طرح اب بھی کرسکتے ہیں۔ یہ ارکان مفرور بتائے جاتے ہیں۔ امریکہ کے سفارت خانہ برائے سری لنکا نے کہا کہ حکومت ِ سری لنکا کی درخواست پر امریکہ کے صیانتی ماہرین، سری لنکا کی شراکت داری سے سرگرمی کے ساتھ مصروف تھے تاکہ خاطیوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔ نینسی وینہارن ترجمان امریکی سفارت خانہ برائے کولمبو نے کہا کہ امریکہ کو یقین ہے کہ حملہ آور گروپ کے سرگرم کارکن اب بھی ایسٹر سنڈے کی طرح مزید دہشت گرد حملے کرسکتے ہیں۔ یہ ارکان اب بھی مفرور ہیں۔ امریکی سفیر الائنا ٹپلڈس نے قبل ازیں کہا تھا کہ ہمارے شہریوں کو سیاحت کے مشورے سے یہی بات جھلکتی ہے کہ دہشت گردوں کی سرگرمیاں اب بھی جاری ہیں۔ سفارت خانہ کی ترجمان نینسی نے کہا کہ سری لنکا کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ان کے خیال میں غیرمعروف مقامی عسکریت پسند اسلامی گروپس ’’قومی توحید جماعت ‘‘ اس حملے کے پس پردہ تھی جس میں 253 افراد ہلاک اور مزید 500 زخمی ہوئے، تاہم قومی توحید جماعت نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔