سینٹ لوئی (یو ایس) ۔ 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک بوسنیائی تارک وطن نے عراق اور شام میں دہشت گرد گروپس کی مدد کرنے کے الزام کو مسترد نہیں کیا بلکہ وفاقی سازش کے اس الزام کو قبول کرلیا۔ ملزمہ جسمینکارامک نے یو ایس ڈسٹرکٹ کورٹ میں دہشت گردوں کو میٹریل تعاون فراہم کرنے کے اپنے جرم کا اعتراف کیا جبکہ آئندہ سال 5 جنوری کو اس کی سزاء کی میعاد متعین کی جائے گی۔ رامک ان چھ بوسنیائی تارکین وطن میں شامل ہے جن پر عراق میں القاعدہ اور دولت اسلامیہ گروپ کو فنڈس کے علاوہ دفاعی تعاون فراہم کرنے کے الزام کا بھی سامنا ہے۔ رامک نے 2006ء میں امریکی شہریت اختیار کرلی تھی اورقبل ازیں راک فورڈ ۔ الینائے میں رہائش پذیر تھی تاہم کچھ عرصہ بعد وہ جرمن منتقل ہوگئی جہاں سے اسے گرفتار کیا گیا جبکہ دیگر پانچ نے اعتراف جرم نہیں کیا ہے۔
کیری کی صدر سری لنکا سے ملاقات
نیویارک ۔ 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے آج صدر سری لنکا میتھری پالا سری سینا سے ملاقات کرتے ہوئے ملک میں جمہوری آزادی کو بحال کرنے کے جرأتمندانہ اقدام اور بین الاقوامی برادری کے ساتھ اپنے تعلقات کی تجدید پر ان کی زبردست ستائش کی۔ جان کیری کے ترجمان کے مطابق مسٹر کیری نے اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی سیشن کے موقع پر سری سینا سے ملاقات کی۔