دہشت گرد ٹھکانوں پر ہندوستانی فضائیہ کے حملوں کا خیرمقدم

جیش کے ہیڈکوارٹر پر حملہ کا مطالبہ ، اتم کمار ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 26۔ فروری (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے سرحد پار دہشت گرد ٹھکانوں پر ہندوستانی فضائیہ کے حملوں کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے اپنے ٹوئیٹر پر لکھا کہ انڈین ایرفورس کے سابق فائٹر پائلیٹ کی حیثیت سے میرا دل فخر سے پھولے نہیں سما رہا ہے ۔ لڑاکا میراج پائلیٹس نے حقیقی خطہ قبضہ کے دوسری جانب پاکستان کے دہشت گرد کیمپس کو تباہ کردیا۔ انہوں نے افواج کو مبار کباد پیش کیں اور کہا کہ انڈین ایرفورس کو بہاولپور میں واقع جیش محمد کے ہیڈکوارٹر پر حملہ کرنا چاہئے ۔ اس طرح سرحد پار دہشت گردی کے خلاف ہندوستان سخت پیام دے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کارروائی کا ملک بھر میں خیرمقدم کیا جارہا ہے اور وہ کارروائی میں شامل انڈین ایرفورس پائلیٹس کو سیلوٹ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے دہشت گرد تنظیموں کی پشت پناہی شبہ سے بالاتر ہے اور وہ ہندوستان کے خلاف درپردہ لڑائی کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ جس طرح امریکی افواج نے اسامہ بن لادن کے خلاف کارروائی کی تھی ، اسی طرح پاکستان میں موجود دہشت گرد تنظیموں اور ان کے قائدین پر حملہ کرتے ہوئے منہ توڑ جواب دینا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ پلوامہ حملہ کے بعد راہول گاندھی نے واضح کردیا تھا کہ اس طرح کے واقعات کی صورت میں ملک کو سیاست سے بالاتر ہوکر اتحاد و یکجہتی کیلئے متحد ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے خلاف دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث افراد کو سزا ملی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد تنظیمیں پاک مقبوضہ کشمیر سے ہندوستان کے خلاف کارروائیاں انجام دے رہے ہیں۔ جیش محمد تنظیم نے نہ صرف پارلیمنٹ پر حملہ کیا بلکہ پلوامہ دہشت گرد حملہ کے لئے بھی وہی ذمہ دار ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ جیش اور اس کے سربراہ مسعود اظہر کے خلاف ہندوستان کی جانب سے کئی ثبوت پاکستان کو پیش کئے گئے لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ فضائی حملوں کے ذریعہ جیش کے ٹھکانوں کا نشانہ بنایا جاسکتا ہے ۔