دہشت گرد ٹھکانوں پر ایر فورس کے حملے ، جرأتمندانہ کارروائی

شہر کے مختلف مقامات پر عوام کا جشن ، آتشبازی و مٹھائیوں کی تقسیم ، ایکدوسرے کو مبارکباد
حیدرآباد۔26فروری(سیاست نیوز) ہندستانی فضائیہ کی جانب سے پاک مقبوضہ کشمیر کے علاقو ںمیں موجود دہشت گرد ٹھکانوں کو نشانہ بنائے جانے کے بعد ہندستانی شہریوں میں جشن کا ماحول پیدا ہوگیا ہے اور ملک کے مختلف علاقوں کے ساتھ ساتھ شہر حیدرآباد میں بھی کئی مقامات پر جشن مناتے ہوئے آتشبازی کی گئی اور مٹھائیاں تقسیم کرتے ہوئے پاکستان میں موجود دہشت گرد ٹھکانوں پر حملہ کی خوشیاں منائی گئیں۔ شہر حیدرآباد میں حسینی علم‘ نامپلی‘ سدی عنبر بازار‘ گھانسی بازار ‘ شاہ علی بنڈہ کے علاوہ دیگر علاقوں میں دہشت گردی کے خاتمہ کے سلسلہ میں کی جانے والی ہندستانی فضائیہ کی کاروائی پر خوشیاں مناتے ہوئے ایک دوسرے کو مبارکبادیں پیش کی گئیں اور مٹھایوں کی تقسیم کے ذریعہ خوشی کا اظہار کیا گیا۔ نیکلس روڈ اور پنجہ گٹہ کے علاقوں میں پلوامہ شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے نوجوانوں نے دہشت گردی کے ٹھکانوں پر کئے جانے والے حملوں پر ہندستانی فضائیہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ہندستان کی جانب سے کی جانے والی یہ کاروائی نہ صرف قابل ستائش ہے بلکہ ملک میں بدنظمی پھیلانے والوں کے خلاف کاروائی کے ذریعہ ہندستانی فضائیہ نے ہندستانی شہریوں میں پائے جانے والے غم و غصہ کا اظہار کیا ہے ۔ دہشت گردی کے ٹھکانوں پر کئے جانے والے حملوں پر خوشیاں منانے والے ہندستانی شہریوں نے پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ دہشت گردوں کو پناہ دینے کا سلسلہ بند کرے اور اس دوسرے سرجیکل اسٹرائک سے اس بات کا اندازہ کرلے کہ ہندستانی افواج کس حد تک طاقتور ہیں۔ پلوامہ حملہ میں ہندستانی افواج کے ساتھ اظہار یگانگت کرنے والوں نے آج ہندستانی فضائیہ کی کاروائی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہندستان نے کوئی دہشت گرد کے ذریعہ کاروائی نہیں کی ہے بلکہ ہندستانی فضائیہ نے حملہ کرتے ہوئے پاک مقبوضہ کشمیر میں موجود دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ جبکہ پڑوسی ملک میں تربیت حاصل کرنے والے دہشت گرد ہندستان میں معمصوم عوام کے بھیس میں افواج کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ فضائیہ کی کاروائی کو شہریان حیدرآباد کی جانب سے جرأت مندانہ اقدام قرار دیا جا رہا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ ہندستانی فضائیہ کی جانب سے دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے کی جانے والی یہ کاروائی تاریخ کا اہم باب ثابت ہوگی کیونکہ ہندستان نے حفاظت خود اختیاری کا حق استعمال کرتے ہوئے بین الاقوامی قوانین کے مطابق کاروائی کی ہے اور کاروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ہندستانی فضائیہ کی اس کاروائی کا مختلف گوشوں کی جانب سے خیر مقدم کیا جا رہاہے ۔