گریٹر نوئیڈا 27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام )وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے آج اظہار تشویش کیا ہے کہ دہشت گرد سرگرمیوں میں تعلیمیافتہ افراد بھی ملوث پائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ثقافتی اقدار اور اخلاقیات کے فقدان کے باعث ایسا ہورہا ہے ۔ شاردا یونیورسٹی کے کانوکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ بلا شبہ دہشت گردی اور قوم دشمن سرگرمیوں میں جو لوگ ملوث ہیں وہ اعلی تعلیمیافتہ ہیں۔ یہ اس لئے ہورہا ہے کیونکہ نوجوانوں میں ثقافتی اقدار اور اخلاقیات کا فقدان پیدا ہوگیا ہے ۔ راجناتھ سنگھ نے طلباء سے اپیل کی کہ وہ قومی تعمیر کے عمل میں حصہ لیں اور ملک کو دنیا میں ایک ترقی یافتہ بنانے میں مدد کریں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ حصول علم اور کچھ سیکھنے کے جذبے کے ساتھ اخلاقیات اور کلچر کا بھی ہونا ضروری ہے ۔ ثقافتی تہذیب کے بغیر ایک طالب علم ادھورا رہتا ہے۔اخلاقیات نہ ہوں تو علمی قابلیت خطرناک موڑ اختیار کرسکتی ہے۔ جب میں اتر پردیش کا وزیر تعلیم تھا میں نے ویدیک میتھامیٹکس کو متعارف کروایا تھا لیکن خود ساختہ دانشوروں نے میرے اس اقدام کی مخالفت کی تھی۔ ٹکسیلا اور نلندہ جیسی قدیم یونیورسٹیوں کا حوالہ دیتے ہوئے جہاں عالمی طلباء تعلیم حاصل کرتے ہیں راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ہندوستان علم کا گہوارہ ملک ہے ۔
یہاں پر دنیا بھر سے لوگ سیکھنے کیلئے آتے ہیں۔ ہندوستان کی قدیم ثقافتی تہذیب اور اس کی درس و تدریس کی تاریخ کی اپنی اہمیت ہے۔ قدیم تعلیم کو سائنسی اور عصری تعلیم سے مربوط کر کے دیکھا جائے تو ہندوستان نے تعلیم کے شعبہ میں ترقی کی ہے ۔ وزیر داخلہ نے ولٹیر جیسے فلاسفرس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان قابل حضرات نے ہی ہندوستان کی اہمیت کواجاگر کیا تھا ۔ سائنس ثقافت اور علوم کے شعبوں میں ہندوستان کی اہمیت منفرد ہے ۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ پرنسٹن یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے پروفیسر منجول بھارگؤ نے فیلڈس میڈل کا ایوارڈ حاصل کیا ہے ۔ ان کا تعلق ریاضی اور سنسکرت کے درمیان گہرا پایا جاتا ہے ۔ انہوں نے شاردا یونیورسٹی کی بھی ستائش کی اور کہا کہ اگرچکہ ہندوستان میں کئی تعلیمی ادارے ہیں دہلی کے اطراف و اکناف میں بھی تعلیمی اداروں کا جال پھیلا ہوا ہے لیکن اس درسگاہ نے اپنی ایک منفرد شناخت بنائی ہے ۔
حکومت ‘ اکیسویں صدی کا مالیاتی نظام لائے گی
نئی دہلی 27 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام )حکومت نے یہ عہد کیا ہے کہ وہ ملک میں ہر گھر کے اندر 21 ویں صدی کے مالیاتی نظام کو لانچ کرے گی اس سلسلہ میں کئی ایک اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ مملکتی وزیر فینانس جنیت سنہا نے وقفہ سوالات کے دوران کہا کہ ہمارا مقصد 21 ویں صدی کا مالیاتی نظام لانا ہے۔ ملک کے ہر گھر کو اس نظام سیف ائدہ ہوگا چھوٹے چھوٹے بینکوں کو لائسنس کے بشمول کئی مالیاتی اقدامات کئے جائیں گے۔
وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم کے جن دھن یوجنا شاندار کامیاب ہوا ہے اور اس سے وہ 100خاندانوں کا احاطہ کیا گیا۔