دہشت گرد حملوں کے خلاف حکومت کی سخت کارروائی

نئی دہلی ۔ 2 جنوری۔( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت نے آج لوک سبھا میں کہا کہ وہ ملک کی سلامتی کے سلسلے میں پوری طرح سنجیدہ ہے اور دہشت گردانہ حملوں سے پوری سختی سے نمٹ رہی ہے۔کانگریس کے جیوترادتیہ سندھیا نے وقفہ صفر میں جموں و کشمیر کے پلوامہ میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کا معاملہ اٹھایا۔ خفیہ اطلاعات کے باوجود ہوئے اس حملے کے سلسلے میں حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کانگریس کے یوتھ لیڈر نے کہا کہ حکومت ملک کی سلامتی کے تئیں سنجیدہ نہیں ہے۔ جس سے اڑی، پٹھان کوٹ، پمپور اور ادھم پور جیسے حملے ہورہے ہیں۔انہوں نے سوال کیا کہ خفیہ رپورٹ ہونے کے باوجود پلوامہ حملہ کیسے ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ایک کے بدلے دس سر لانے اور پاکستان کو معقول جواب دینے والے لوگوں نے آج ان حملوں پر خاموش اختیار کرلی ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے بھی نہ تو کوئی تبصرہ کیا ہے اور نہ ہی کوئی بیان دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی کے سلسلے میں فلپ کمپوس کی رپورٹ پر آج تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ حملوں کی خفیہ رپورٹ ہونے کے باوجود حکومت ایک کے بعد ایک غلطیاں کررہی ہے اور ہمارے جوان مارے جارہے ہیں۔امور داخلہ کے وزیرمملکت گنگا رام اہیر نے اپنے جواب میں کہا کہ دہشت گردی کے سلسلے میں مودی حکومت کی سختی کی وجہ سے دہشت گردانہ حملوں کی تعداد میں کمی آئی ہے او ران میں ہلاک ہونے والے شہریوں کی تعدا د نہ صرف کم ہوئی ہے بلکہ زیادہ تعداد میں دہشت گرد مارے جارہے ہیں۔