برلن ۔ 16 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) شمالی جرمن کے شہر براؤنشویج میں آج ایک کارنیوال پریڈ کو اسلام پسندوں کے حملے کے اندیشوں کے سبب اس کے آغاز سے چند گھنٹوں قبل منسوخ کردیا گیا۔ براؤنشویج کے پولیس کمشنر مائیکل پائینکتا نے کہا کہ سیکوریٹی عہدیداروں کو معتبر سرکاری ذرائع سے یہ واضح اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ شمالی جرمن کے سب سے بڑے کارنیوال پریڈ کو اسلام پسندوں کی جانب سے نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکوریٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد اس سالانہ تقریب کو منسوخ کردیا گیا۔ پولیس نے اس ضمن میں ایک مشتبہ فرد کے خلاف فوجداری تحقیقات کا آغاز بھی کردیا ہے لیکن تاحال کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ پائنتیکا نے تاہم دو دن قبل ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں ہوئے دو مہلک حملوں سے اس واقعہ کو مربوط نہیں کیا۔ پیرس حملہ میں 17 افراد کی ہلاکت کے ایک ماہ بعد کوپن ہیگن میں حملے کے یہ واقعات پیش آئے تھے۔ حکام اگرچہ براؤنشویج کے علاوہ دوسری ریاست لوورسیکسونی میں اسلام پسندوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہیں لیکن پولیس کمشنر پائنتکا نے کہا کہ ہم نے اس قسم کے حملے کے منصوبہ کا کبھی کوئی گمان بھی نہیں کیا تھا۔ پولیس کی اس شہر میں تاحال کہیں کوئی دھماکو مواد دستیاب نہیں ہوا ہے۔ پائینتکا نے کہا کہ کارنیوال پریڈ کی منسوخی ایک مشکل فیصلہ تھا لیکن شرکاء کے علاوہ عوام کے مفاد میں یہ منسوخی ضروری تھی۔ اس پریڈ میں منتظمین کے مطابق 2,50,000 افراد کی شرکت متوقع تھی۔