دہشت گرد تو آخر دہشت گردہے

تنظیم کوئی بھی ہو، بندوق اُٹھانے کے بعد وہ عام آدمی نہیں رہتا : ڈی جی پی کشمیر

سرینگر 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کے اعلیٰ پولیس عہدیدار نے آج سابق حزب المجاہدین کمانڈر ذاکر موسیٰ کو ریاست میں القاعدہ سیل کا سربراہ نامزد کئے جانے کی اطلاعات کو غیر اہم قرار دینے کی کوشش کے ساتھ کہاکہ دہشت گرد تو آخر دہشت گرد ہوتا ہے، اُس کی تنظیم چاہے کوئی بھی ہو۔ موسیٰ نے حال ہی میں حزب المجاہدین کے ساتھ ناطہ توڑ لیا تھا۔ اُس نے کشمیر کو سیاسی مسئلہ قرار دیا نہ کہ اسلامی جدوجہد جس کا مقصد ریاست میں شریعت کو نافذ کرنا ہے۔ ڈی جی پی ایس پی وید نے یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت میں کہاکہ دہشت گرد صرف دہشت گرد ہوتا ہے ، اُس کی تنظیم سے کیا فرق پڑتا ہے۔ جس کسی نے بندوق اُٹھالی وہ ہمارے لئے دہشت گرد ہوگیا۔ وہ موسیٰ کو القاعدہ کی جموں و کشمیر یونٹ کا سربراہ نامزد کرنے کے بارے میں ایک سوال پر ردعمل ظاہر کررہے تھے۔ گزشتہ روز متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ سید صلاح الدین نے ایک ویڈیو میں کہا تھا کہ جموں و کشمیر کی تحریک آزادی کا کوئی انٹرنیشنل ایجنڈہ نہیں ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کوئی بین الاقوامی تنظیم ملوث نہیں چاہے داعش ہو یا القاعدہ یا کوئی اور۔ اُن میں سے کسی کے لئے یہاں کوئی موقع نہیں اور نہ اُن کی ضرورت ہے۔ صلاح الدین کے بیان اور عسکری صفوں میں پھوٹ کے تعلق سے پوچھنے پر ڈی جی پی نے کہاکہ اُنھیں خود آپس میں سلجھاؤ کرلینے دیجئے۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ وادیٔ کشمیر کی صورتحال بتدریج معمول پر آرہی ہے۔

293 کروڑ روپئے کے اثاثہ جات کی قرقی
کولکاتا 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ( ای ڈی ) نے روز ویلی چٹ فنڈ اسکام کیس کے سلسلہ میں 293 کروڑ روپئے مالیت کے اثاثوں کو آج قرق کرلیا۔ عہدیداروں نے کہاکہ اِس معاملے میں ہزاروں لوگوں کو مغربی بنگال اور اڈیشہ میں مبینہ طور پر دھوکہ دیا گیا۔ آج کی تازہ کارروائی کے ساتھ اِس کیس میں جملہ قرقی 1,950 کروڑ روپئے (مارکٹ قدر) ہوگئی ہے۔