میامی ۔ 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ایک کینیائی شہری کو تین مختلف دہشت گرد تنظیموں کی تائید کرنے کا قصور وار پایا گیا ہے جہاں اس نے یہ اعتراف کیا کہ وہ ان تنظیموں کو نہ صرف مالیہ فراہم کرتا تھا بلکہ بھرتی کے ذریعہ افرادی قوت میں بھی اضافہ کرتا تھا جنہیں شام اور صومالیہ میں استعمال کیا جاتا تھا۔ امریکہ کے جسٹس ڈپارٹمنٹ نے یہ بات بتائی۔ مشتبہ شخص کی شناخت 27 سالہ محمد حسین سعید کی حیثیت سے ہوئی ہے، جس پر یہ الزام ثابت ہوچکا ہیکہ وہ بیرونی دہشت گرد تنظیموں کو میٹریل سپورٹ فراہم کیا کرتا تھا۔ سعید کا تعلق نیروبی سے بتایا گیا ہے جس نے القاعدہ اور اس سے ملحقہ النصرہ فرنٹ اور القاعدہ سے ہی مربوط شباب عسکریت پسندوں کو مالیہ اور افرادی قوت فراہم کی۔ اسے 15 معاملات میں قصور وار پایا گیا اور امریکی غفران محمد کو بھی قصور وار قرار دیا گیا۔