عدالتوں میں مقدمات کی پیروی کیلئے پی سی پی ٹی کا فیصلہ
نئی دہلی، 29جون (سیاست ڈاٹ کام) ملک میں دہشت گردی کے نام پر مسلم نوجوانوں کی فرضی گرفتاري کا مقدمہ پیپلز کیمپین اگینسٹ پولٹیکل آف ٹیرر (پی سی پی ٹی )نے لڑنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ بات سی پی آئی کے لیڈر عمیق جامعی نے جاری ایک بیان میں کہی۔عمیق نے ، جو پی سی پی ٹی کے بھی لیڈر ہیں، کہا کہ موجودہ صورت حال اور مسلم نوجوانوں کی داعش کے نام پر گرفتاری کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور مسلمان خوف و ہراس کے ماحول زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ تحریک 2012میں شروع کی گئی تھی اور اس وقت وزیر داخلہ نے اس سلسلے میں فاسٹ ٹریک کورٹ بنانے کی یقین دہانی کرائی تھی اور اس ضمن میں پیش رفت بھی شروع ہوئی تھی لیکن حکومت بدلنے کے بعد وہ سارا معاملہ سرد خانہ میں چلا گیا۔مسٹر عمیق نے کہا کہ اس وقت سی پی ٹی سی کے عہدیداران سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، مرکزی وزیر داخلہ سشیل کمار شندے اور مرکزی وزیر مملکت داخلہ آرپی این سنگھ نے کئی بار ملاقات کی تھی۔انہوں نے کہا کہ اس تحریک کے ذریعہ عوام کوبیدار کیا جائے گا اور جیلوں میں سڑنے والے نوجوانوں کی رہائی کے لئے کوشش کی جائے گی اور یہ کوشش صرف عدالتی سطح پر محدود نہیں رہے گی بلکہ سیاسی اور سماجی طریقے سے بھی اس ضمن میں سعی کی جائے گی۔