دہشت گردی کی سازش رچنے پر 4 افراد کیخلاف الزام

سڈنی ۔ 27 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : آسٹریلیائی حکام نے چار افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی ہے جو 2015 ء میں ایک نابالغ لڑکے کے ہاتھوں ایک آسٹریلیائی پولیس اہلکار کی ہلاکت کے مبینہ طور پر ذمہ دار بتائے جارہے ہیں کیوں کہ حکام کا کہنا ہے کہ یہ تمام ایک دہشت گرد تنظیم کے ارکان ہیں ۔ 15 سالہ فرہاد جبار نے 58 سالہ سینئر اکاونٹنٹ کرٹس چینگ کو سڈنی پولیس ہیڈکوارٹرس کے باہر گولی مار کر ہلاک کردیا تھا جبکہ حملہ آور نابالغ لڑکے کو بھی واقعہ کے فوری بعد فائرنگ کے تبادلہ میں ہلاک کردیا گیا تھا ۔ نیو ساوتھ ویلز کی ڈپٹی کمشنر آف پولیس کیتھرین برن نے بتایا کہ چار ملزمین پر دہشت گرد کارروائی کی منصوبہ سازی اور سازش رچنے کا الزام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چاروں ملزمین اور پانچواں نابالغ لڑکا ایک دہشت گرد تنظیم کے ارکان تھے ۔

جرمنی میں گردوارہ پر حملہ
لڑکے کا پہلا جرم نہیں تھا : پولیس
برلن۔ 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایک نابالغ لڑکا جسے جرمنی کے شہر ایسین میں صرف 10 روز قبل ایک گردوارہ پر دہشت گرد حملہ کا مرتکب قرار دیا گیا تھا، پولیس کے مطابق مجرمانہ کارروائی انجام دینا اس کیلئے کوئی نئی بات نہیں تھی بلکہ اس سے قبل بھی وہ مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث رہ چکا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق 16 سالہ لڑکے نے حملے سے قبل شہر کے ایک اسٹور میں سرقہ کی ناکام کوشش بھی کی تھی جس پر اسے گرفتار کیا گیا تھا چونکہ لڑکا نابالغ تھا اور اگر نادانی میں ایسی عمر کے بچے مجرمانہ سرگرمیاں انجام دیئے ہیں، لہٰذا اسے وارننگ دے کر چھوڑ دیا گیا تھا تاہم اس کی تمام شخصی تفصیلات اور اس کیخلاف فوجداری کیس درج کرلیا گیا تھا۔