دہشت گردی کیخلاف پاکستان کو امریکی تائید: جان کیری

واشنگٹن۔ 15؍جون (سیاست ڈاٹ کام)۔ امریکہ نے کراچی ایرپورٹ پر دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے اور وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ امریکہ دہشت گردی کے خاتمہ اور خوش حالی و ترقی کے لئے پاکستانی عوام کے ساتھ ہے۔ وہ یہاں پاکستانی مشیر برائے قومی سلامتی سرتاج عزیز کے ساتھ ملاقات میں بات چیت کررہے تھے۔ امریکی میڈیا کے مطابق دونوں رہنما دورانِ جنگ جنسی تشدد کے واقعات کی روک تھام کے عنوان سے ہونے والی چار روزہ کانفرنس میں شرکت کے لئے لندن پہنچے تھے۔ ملاقات میں جان کیری نے کراچی کے ہوائی اڈے پر جاریہ ہفتہ ہونے والے دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ انسداد دہشت گردی اور

ایک پُرامن اور خوش حال مستقبل کے حصول کی کوششوں میں پاکستانی عوام کے ساتھ ہے۔ واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کئے جانے والے ایک بیان کے مطابق جان کیری نے واضح کیا کہ ایک محفوظ اور خوش حال پاکستان کی تعمیر پاکستانیوں کے ساتھ ساتھ امریکہ کے بھی مفاد میں ہے۔ بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون کے علاوہ ہندوستان اور افغانستان میں حکومتوں کی تبدیلی اور پاکستان کے ساتھ ان کے تعلقات کی صورتِ حال پر بھی بات کی۔ محکمہ خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ جان کیری اور سرتاج عزیز نے عراق میں آنے والی تبدیلیوں پر بھی گفتگو کی اور شدت پسند تنظیم آئی ایس آئی ایل کے جنگجوؤں کی مسلسل پیش قدمی پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے اسے خطہ کی صیانت کے لئے بڑا خطرہ قرار دیا۔