نئی دہلی ۔ 29 جون ( سیاست ڈاٹ کام)صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے استنبول میں دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کیلئے ساری دنیا کو بدستور متحد رہنا چاہئے ۔ صدر پرنب مکرجی نے کہا کہ ’’ترکی کے استنبول میں اتاترک انٹرنیشنل ایرپورٹ پر گزشتہ شب ہوئے دہشت گرد حملے کی میں سخت مذمت کرتا ہوں ۔ مصیبت کی اس گھڑی میں ہندوستان بھی ترکی کے عوام کے ساتھ ہے ‘‘۔ راشٹرپتی بھون سے جاری ایک اعلامیہ میں صدر ہند نے مزید کہاکہ ’’غمزدہ خاندانوں اور زخمیوں کے ساتھ ہماری دعاء اور ہمدردی وابستہ ہے ۔ دہشت گردی کی طاقتوں کے خلاف لڑائی میں ساری عالمی برادری کو متحد رہنا چاہئے‘‘۔ واضح رہے کہ استنبول ایرپورٹ پر آئی ایس آئی ایس کے مشتبہ دہشت گرد حملوں میں کم سے کم 36 افراد ہلاک اور دیگر 150 زخمی ہوگئے تھے۔