نئی دہلی ۔ یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف لڑائی کسی مذہب کے خلاف نہیں ہے بلکہ یہ جنگ ان نوجوانوں کے خلاف ہے جو ایک خاص ذہن کے ساتھ گمراہ ہوچکے ہیں۔ ہر مذہب نے انسانی اقدار کو فروغ دیا ہے۔ وزیراعظم آج یہاں منعقدہ اسلامک ہیرٹیج، مفاہمت اور جدیدیت کا فروغ پر منعقدہ ایک کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس کانفرنس میں اردن کے شاہ عبداللہ ثانی بھی شریک تھے۔ شاہ عبداللہ نے بھی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف لڑائی کسی مذہب یا مسلمانوں کے خلاف نہیں ہے۔ یہ جنگ د راصل نفرت اور تشدد پھیلانے والوں کے خلاف ہے۔ انھوں نے مزید کہاکہ پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے بنی نوع انسان کو درس دیا ہے کہ وہ اپنے اندر خدا پرستی، انسانیت اور رحم دلی کے جذبہ کو فروغ دیں۔ یہی میرا عقیدہ و ایمان ہے اور میں نے اپنے بچوں کو بھی اسی عقیدہ و ایمان کی تعلیم دی ہے‘‘۔ وزیراعظم نریندر مودی نے کہاکہ ہندوستان دنیا میں تمام بڑے مذاہب کا گہوارہ ہے۔ ہندوستانی جمہوریت اپنی قدیم کثرت میں وحدت کی دولت سے مالا مال ہے۔ مودی نے مزید کہاکہ تمام عقائد میں انسانی اقدار کو ہی فروغ دیا جاتا ہے۔ لہذا ہمارے نوجوانوں کو بھی اس سے وابستہ ہونا چاہئے اور اسلام کے انہی جذبہ انسانیت کے ساتھ خود کو تیار کرلینا چاہئے۔ اس کے ساتھ ساتھ ان نوجوانوں کو عصری ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کرنا چاہئے۔ شاہ عبداللہ نے اپنی تقریر کو جاری رکھتے ہوئے اسلام کی حقانیت کو واضح کیا اور کہا :’’ میں اور میرے بچوں کا جو عقیدہ و ایمان ہے ،ساری دنیا میں پھیلے ہوئے 1.8 بلین مسلمانوں کا بھی یہی ایمان ہے۔ ان کی تقریر ہندوستان کے لئے بہت ہی اہم سمجھی جارہی ہے۔ ایک ایسے وقت جب حکمرانوں کی جانب سے مذہبی انقلاب پسندانہ مہم کے خلاف جنگ کی جارہی ہے، شاہ عبداللہ کا تاثر تھا کہ ساری دنیا میں آج مختلف گروپس کی جانب سے دوسروں کے خلاف تشدد کی آگ بھڑکائی جارہی ہے۔