دہشت گردی کا کسی مذہب سے تعلق نہیں ، ہر دہشت گرد ظالم ہوتا ہے

مرکزی میلاد کمیٹی کا مرکزی جلسہ شب قدر ، بیرونی عالم دین نورانی میاں کا بصیرت افروز خطاب

حیدرآباد ۔ /3 جولائی (پریس نوٹ) دہشت گردی کا کسی مذہب سے تعلق نہیں ہوتا اور ہر دہشت گرد ظالم ہوتا ہے ۔ موجودہ دور میں دہشت گردی کا خاتمہ ضروری ہے ۔ نبیؐ کی ولادت سے قبل بھی دہشت گردی جاری تھی ۔ لڑکیوں کو زندہ دفن کردیا جاتا تھا ۔ آپؐ کی ولادت ہوئی اور اسی طرح دہشت گردی کا ماحول ختم ہوا ۔ آپؐ کی اپنی ولادت کے ساتھ ہی امن کا پیغام عام ہوا ۔ چونکہ امن کا پیمبر پیدا ہوچکا تھا ۔ پیارے نبیؐ نے زندہ لڑکیوں کو دفن کرنے کے رواج کو جہالت کے دور کو ختم کیا ۔ نماز بندے کو اللہ سے ملادیتی ہے ۔ نماز بے حیائی سے روکتی ہے۔ نماز آنکھوں کی ٹھنڈک ہے ۔ نماز روح کی پاکیزگی ہے ۔ ان خیالات کااظہار مولانا حضرت حافظ و قاری سید محمد نورانی میاں اشرفی الجیلانی ( کچھوچھوی شریف) نے میلاد میدان روبرو خلوت پیالس پر مرکزی میلاد کمیٹی کے 45 ویں مرکزی جلسہ شب قدر سے بحیثیت مہمان مقرر کیا ۔ جس کی نگرانی جناب الحاج خواجہ معین الدین اقبال قادری الملتانی نے کی ۔ مولانا حضرت سید محمد نورانی میاں اشرفی الجیلانی نے اپنا سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے ظلم و ظالم کے فرق پر تفصیلی بیان کرتے ہوئے کہا کہ اللہ نے ہمیں ہزاروں لاکھوں نعمتیں بخشی ہے اور ہم اللہ کی ان نعمتوں کا شکر ادا نہیں کرتے ۔ یہ بھی کسی ظلم سے کم نہیں ۔ مولانا نے کہا کہ یہ توبہ والی رات ہے تو توبہ کس طرح کریں گے ۔ توبہ اس طرح کرو کہ وہ توبہ دل سے نکلے ۔ اپنے گناہوں کا محاسبہ کرتے ہوئے پچھتاوا کریں اور آئندہ گناہوں سے توبہ کی جائے ۔ ہمیں فخر ہے کہ اللہ نے ہمیں نبی مکرمؐ کی امت میں پیدا فرمایا جو کہ سارے نبیوں کے سرتاج ہیں ۔ خدا کی رضا چاہتے ہو تو نبیؐ کی رضا کو حاصل کرو ۔ نبیؐ کو راضی کرلوگے تو اللہ بھی راضی ہوجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس شب کا ہر لمحہ ہر گھڑی سلامتی ہی سلامتی ہے ۔ غلام محمد خان نقشبندی کی قرأت کلام پاک سے ہوا ۔ نعت شریف قاری اسد اللہ شریف ، معلم سعد قادری ، جناب شیخ حذیفہ العمودی ،جناب فاروق علی یمنی نے پیش کیا ۔ انتظامی کمیٹی کے قائدین جناب محمد طاہر ، جناب رؤف میمن ، جناب اقبال میمن ، جناب محمد علی سیٹھ (نائب صدور) جناب محمد عبدالنعیم ذکی سیٹھ (معتمد) ، جناب محمد شاکر احمد ، جناب شیخ عبید بن عثمان العمودی (نائب معتمدین) جناب آدم اشرفی ایڈوکیٹ (خازن) جناب محمد مشتاق علی ، ڈاکٹر برکت علی خان ، جناب خضر محمد خان (اراکین) نے جلسہ کے انتظامات میں حصہ لیا ۔ جلسہ کے اختتام پر نگران جلسہ الحاج خواجہ معین الدین اقبال قادری الملتانی نے شکریہ ادا کیا ۔