پاکستان پر دہشت گردی کی پالیسی اختیار کرنے کا الزام ‘مرکزی وزیر مملکت برائے اقلیتی اُمور مختار عباس نقوی کا بلاگ
نئی دہلی۔22نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) عالم اسلام ایک ایسے دور سے گذر رہا ہے جو اُس کیلئے چیلنجوں سے بھرپور ہے ۔ بڑھتی ہوئی بنیاد پرستی اور دہشت گرد گروپس کی جانب سے اسلام کے نام کا استحصال مستقبل میں عالم اسلام کیلئے عالم گیر سطح پر ایک بہت بڑا چیلنج بن جائے گا ۔ انہوں نے عالم گیر سطح پر دہشت گردی کے خلاف متحدہ جنگ کی اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت اور عالم اسلام کو درپیش سب سے بڑے چیلنج بنیاد پرستی اور دہشت گردی ہے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ دہشت گردی کو ایک مذہبی یا سیاسی مفادات پر مبنی نقطہ نظر سے نہیں دیکھا جانا چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام ایک چیلنجوں سے بھرپور دور سے گذر رہا ہے ۔ دہشت گرد تنظیمیں قرآن مجید کی اپنے تنگ نظر مقاصد کیلئے غلط تاویل کررہے ہیں ۔ انہوں نے اپنے بلاگ پر ’’ بدی کی سلطنت کے قیام کیلئے انسانیت کا خون ‘‘ کے زیرعنوان تحریر کیا کہ ہمیں محتاط رہنا چاہیئے اور دہشت گردی کو مذہبی یا سیاسی مفادات کی عینک لگاکر نہیں دیکھنا چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ ورنہ ہم دہشت گرد عناصر کے پھندے میں پھنس جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جو عناصر ایسی بے رحمی میں ملوث ہورہے ہیں اُن کا نہ تو اسلام سے کوئی تعلق ہے اور نہ انسانیت سے ‘ ان کا مقصد صرف انسانیت کا قتل ہے
۔ انہوں نے کہا کہ یہ بزدل عوام عالم گیر سطح پر بدی کی سلطنت قائم کرنے کیلئے انسانیت کو تباہ کررہے ہیں ۔ وہ تشدد کی مدد سے اپنی حکومت قائم کرنا چاہتے ہیں ۔ مختار عباس نقوی نے پیرس اور مالی کے حملوں کو اس بات کا ثبوت قرار دیا کہ دہشت گردی موجودہ دور میں پوری دنیا کیلئے خطرہ بن گئی ہے جس کے خلاف متحدہ جنگ کی ضرورت ہے ۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ بڑھتی ہوئی بنیاد پرستی دہشت گردی ‘ دولت اسلامیہ اور القاعدہ کے پس پردہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ہندوستان میں اپنی جڑیں پھیلانے میں ناکام رہی ‘ کیونکہ ہندوستان کا تہذیبی اور سماجی اتحاد اور مستحکم جمہوریت بنیاد پرستی کا کامیابی سے مقابلہ کرنے کے قابل ہے ۔ دہشت گرد تنظیمیں ہندوستانی نوجوانوں کو راغب کرنے میں ناکام رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا سماج ‘ مذہبی پیشوا ‘ ذرائع ابلاغ نے اس میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کو سرکاری پالیسی کے طور پر استعمال کررہا ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ہندوستان کے ساتھ راست جنگ میں ناکام ہونے کے بعد پڑوسی ملک دہشت گردوں کو پناہ دے رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی سرپرستی کررہا ہے ۔ ہندوستان کو آئی ایس آئی ایس اور القاعدہ کے علاوہ پاکستان کی سرزمین سے سرگرم دیگر دہشت گرد گروپس سے خبردار رہنا چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی مختلف بین الاقوامی فورموں سے دہشت گردی کو مالیہ فراہم کرنے کے انسداد کی ضرورت پر زور دے چکے ہیں ۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف متفقہ رائے پیدا کرنے میں وزیراعظم کے کردار کی ستائش کی ۔ پیرس اور مالی دہشت گرد حملوں کے بارے میں نقوی نے کہاکہ دنیا بھر میں دہشت گردی بڑھ رہی ہے ‘ اس لئے ہندوستان اس کو کسی ایک ملک کا مسئلہ سمجھ کر خاموش نہیں رہ سکتا ۔