دہشت گردی مخالف مشقوں کے ذمہ دار پولیس عہدیداروں کے خلاف کارروائی

احمد آباد۔/2جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) گجرات کے مملکتی وزیر داخلہ رجنی پٹیل نے آج بتایا کہ حکومت ان پولیس عہدیداروں کے خلاف کارروائی کرے گی جو کہ دہشت گردی کا پتہ چلانے اور پکڑنے کی عملی مشق کروائی تھی اور ایک ویڈیو فلم میں یہ دکھایا گیا کہ مسلمانوں کو دہشت گردوں کی شکل میں پیش کیا گیا۔ یہ تنازعہ اسوقت کھڑا ہوگیا جب اندرون دو یوم پولیس کے دو ویڈیوز منظر عام پر آگئے۔ ایک ویڈیو میں نرمدا ضلع پولیس کی’ فرضی مشق‘ دکھائی گئی ہے۔ جس میں بتایا گیا ہے کہ دو فرضی دہشت گرد موافق اسلام نعرے بلند کررہے ہیں۔ اس سے قبل سورت رورل پولیس کی جانب سے منعقدہ عملی مشق کی ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ دہشت گرد ٹوپی پہنے ہوئے ہیں اور ان ویڈیوز سے یہ تاثر ملتا ہے کہ صرف مسلمان ہی دہشت گرد ہیں۔ ریاستی وزیر نے بتایا کہ دونوں اضلاع کے پولیس سپرنٹنڈنٹس کو ان واقعات کی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو کسی خاص فرقہ سے منسوب کرنا مناسب نہیں ہے۔