دہشت گردی سے ہند ۔ امریکہ کو مشترکہ طور پر نمٹنا چاہئے : ہلاری

واشنگٹن ۔ 2 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ اور ہندوستان کو تشدد، دہشت گردی اور غربت کے خاتمہ کیلئے مل کر لڑائی جاری رکھنا چاہئے۔ ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار اور سابق امریکی صدر بل کلنٹن کی اہلیہ ہلاری کلنٹن نے یہ بات کہی۔ جین مذہب کے قائد کی قیادت میں آئے ہوئے ایک وفد سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے آچاریہ ڈاکٹر لوکیش منی سے انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ہندوستان بین الاقوامی پلیٹ فارم پر ایک اہم رول ادا کرے گا۔ اہنسا وشوا بھارتی کے دسویں یوم تاسیس کے موقع پر وفد نے ہلاری کلنٹن سے ملاقات کی، جس میں اہنسا وشوا بھارتی کے بین الاقوامی رابطہ کار کرم جیت سنگھ دھالیوال، کانگریسی جوکرالی اور خاتون کانگریسی گریس مینگ بھی شامل تھے۔ اس موقع پر ہلاری کلنٹن نے کہا کہ تشدد اور دہشت گردی سے دنیا کا کوئی مسئلہ حل نہیں کیا جاسکتا بلکہ باہمی بات چیت اور مذاکرات کے ذریعہ ہی مسائل حل کئے جاسکتے ہیں۔ لہٰذا ہندوستان اور امریکہ کو دہشت گردی اور تشدد سے نمٹنے کے لئے ایک ساتھ آگے آنا ہوگا۔ اس موقع پر انہوں نے آچاریہ منی کے پیس پروگرام کی ستائش کی اور کہا کہ مذہبی قائدین ہی دنیا کو پرامن مقام بناتے اسے انسانوں کے رہنے کے قابل بنانے میں اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔ اہنسا وشوا بھارتی کی 10 سالہ تقریبات میں شرکت کے لئے آچاریہ منی نے ہلاری کلنٹن کو ہندوستان کے دورہ کی دعوت دی۔ امریکہ میں 2016ء میں منعقد شدنی صدارتی انتخابات میں ہلاری کلنٹن ڈیموکریٹک امیدوار ہیں اور اگر وہ کامیاب ہوتی ہیں تو امریکہ کی پہلی خاتون صدر ہوں گی۔ یہ ان کی صدارتی انتخابات میں دوسری آزمائش ہوگی۔ قبل ازیں انہوں نے 2008ء میں بھی اپنی قسمت آزمائی تھی لیکن موجودہ صدر بارک اوباما کے ہاتھوں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔