دہشت گردی سے نمٹنے میں رواداری نہ برتی جائے

اقوام متحدہ کی غیرجانبدارانہ کارروائی ضروری، سشماسوراج کا بیان
نئی دہلی ۔ 29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے دہشت گردی سے نمٹنے کے معاملہ میں کسی طرح رواداری نہ برتنے پر زور دیا اور اس لعنت کو ختم کرنے کیلئے اقوام متحدہ سے غیرجانبدارانہ و ٹھوس اقدامات کا مطالبہ کیا۔ وزیرامور خارجہ سشماسوراج نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 71 ویں سیشن کیلئے منتخب صدر پیٹر تھامسن کے ساتھ ملاقات میں یہ مسئلہ اٹھایا۔ تھامسن سہ روزہ دورہ پر کل یہاں پہنچے اور انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کی۔ بعدازاں سشماسوراج سے ملاقات کے دوران وزیرخارجہ نے کہا کہ دہشت گردی کے معاملہ میں کوئی رواداری نہیں برتی جانی چاہئے اور اس کی راست و بالواسطہ تائید کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی ضروری ہے۔ وزارت امورخارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے یہ بات بتائی۔ انہوں کہا کہ سشماسوراج نے انسداد دہشت گردی کے موجودہ طریقہ کار کو مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا۔ وزیرخارجہ کا یہ تبصرہ بین الاقوامی دہشت گردی پر جامع کنونشن (سی سی آئی ٹی) کے پس منظر میں اہمیت رکھتا ہے جس کی تجویز 1996ء میں ہندوستان نے دی تھی لیکن کئی ممالک بشمول امریکہ اور چند اسلامی ممالک کی مخالفت کے باعث اب تک اسے اقوام متحدہ میں منظور نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کئی ممالک دہشت گردی اور دہشت گردوں کی تشریح سے اتفاق نہیں کر پائے۔ انہوں نے مجوزہ کنونشن اور دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔سفیر پیٹر تھامسن اس وقت اقوام متحدہ میں فیجی کے مستقل نمائندہ ہیں۔