نئی دہلی ۔ 29 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور آفریقہ کے 54 ممالک نے آج فیصلہ کیا کہ دہشت گردی کی تمام نوعیتوں اور اشکال کے خلاف جنگ میں باہمی تعاون میں اضافہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تمام ممالک کو یہ بات یقینی بنانی چاہئیے کہ ان کی سرزمین سرحد پار دہشت گرد سرگرمیوں کیلئے استعمال نہیں کی جاتی ۔ ہندوستان اور آفریقی ممالک نے فیصلہ کیا ہے کہ باہمی دفاعی تعاون بحری شعبہ میں اضافہ کیا جائے گا ۔ دہلی اعلامیہ کے مطابق ہند۔آفریقہ دفاعی تعاون چوکھٹے کے مطابق جو تیسری ہند ۔ آفریقہ چوٹی کانفرنس میں جاری کیا گیا تھا ۔ آفریقہ اور ہندوستان نے عہد کیا ہے کہ باہمی اشتراک و تعاون میں دہشت گردی کے خلاف اس کی تمام نوعیتوں اور اشکال کے خلاف اضافہ کریں گے ۔ پرتشدد انتہاپسندی سے بھی نمٹا جائے گا ۔ اس سلسلے میں انہوں نے فیصلہ کیا کہ عاجلانہ بنیاد پر جامع کنونشن برائے بین الاقوامی دہشت گردی اقوام متحدہ میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا ۔ ہندوستان اور آفریقہ نے تسلیم کیا کہ دہشت گردی اور انتہاپسندوں کا تشدد ممالک کیلئے بنیادی خطرے بن کے ابھرے ہیں اور ہمارے معاشرے ان تمام اشکال اور توسیعات کی مذمت کرتے ہیں ۔ اعلامیہ کے بموجب آفریقی ممالک اور ہندوستان نے پرزور انداز میں کہا کہ کوئی بھی شکایت دہشت گردی کی کارروائیوں کو جائز قرار نہیں دے سکتی اور شکایات کی یکسوئی رواداری کے ساتھ کی جانی چاہئیے جبکہ دہشت گردی کے خلاف رواداری کا برتاؤ نہیں کیا جاسکتا ۔ تمام ممالک سے اپیل کی گئی کہ اس بات کو یقینی بنائے کہ ان کی سرزمینیں سرحد پار دہشت گرد سرگرمیوں کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ بالواسطہ مالی امداد دہشت گرد گروپس یا ان کے رکن افراد کو فراہم کرنا سرکاری مشنری کو ان کی مدد کیلئے آمادہ کرنا تمام دہشت گرد کارروائیاں ہیں ۔