عدیس ابابا ۔ 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ بارک اوباما نے کہا کہ امریکہ افریقہ کا ساتھ دے گا تاکہ دہشت گردی کو شکست دی جاسکے اور خانہ جنگی کا خاتمہ کیا جاسکے۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ براعظم افریقہ کی ترقی صیانت اور امن پر منحصر ہے کیونکہ افریقہ دہشت گردی اور خانہ جنگی کے خلاف جدوجہد کررہا ہے۔ میں آپ پر واضح کردینا چاہتا ہوں کہ امریکہ افریقی یونین کے رکن ممالک کے ساتھ ہے۔ صدر اوباما افریقی یونین کے ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے صومالیہ کے الشباب، نائجیریا کے بوکوحرم، مالی اور تیونس میں شورش پسندی کا حوالہ دیا اور کہا کہ خدائی انتفاضہ فوج یوگینڈا اس علاقہ کے لئے خطرہ ہیں۔ ا
وباما نے کہا کہ امریکہ افریقی یونین کی فوجی کوششوں کی تائید کرتا ہے اور بہادر افریقی امن کے فوجیوں کو سلام کرتا ہے جو عسکریت پسندوں سے جنگ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صومالیہ سے نائجیریا تک اور مالی سے تیونس تک دہشت گرد مسلسل بے قصور شہریوں پر حملے کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذہب کے پرچم تلے کئی گروپ لاکھوں افریقی مسلمانوں کو ہلاک کررہے ہیں لیکن یہ سب جانتے ہیں کہ اسلام کا مطلب امن ہے۔ ہم القاعدہ، دولت اسلامیہ، الشباب اور بوکوحرم جیسی تنظیموں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ لوگ جو کچھ کررہے ہیں وہ قاتلوں کا کام ہے اسلام کے پیروؤں کا نہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ جو کچھ ترقی ہوئی ہے وہ افریقی یونین کی فوج کی مرہون منت ہے۔ الشباب چھوٹے سے علاقہ پر قابض ہے۔ صومالی حکومت افریقہ کے قلب میں دن بدن طاقتور ہوتی جارہی ہے۔ خدائی انتفاضہ فوج کے حوصلے افریقی یونین کی زیرقیادت مہم سے پست ہورہے ہیں۔ جھیل چاڈ کے طاس میں کئی ممالک کی فوجیں بوکوحرم کی بے حسی اور بے رحمی کے خلاف سینہ سپر ہیں۔