ہند۔ میانمار باہمی تعاون میں اضافہ ‘ چار معاہدوں پر دستخط
نئی دہلی ۔ 29اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) میانمار نے کئی دہوں تک فوجی اقتدار کے بعد ایک نئی راہ کا انتخاب کیا ہے اور ہندوستان نے اس سفر میں ہر قدم پر کھلے دل دے میانمار کی تائید کا وعدہ کیا ۔ دونوں ممالک نے باہمی روابط کو مزید مستحکم بنانے اور علاقہ میں دہشت گردی و باغیانہ سرگرمیوں سے نمٹنے میں سرگرم تعاون کا بھی عہد کیا ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے آج صدر میانمار یوہتن کیاؤ کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی ۔ آنگ سانگ سوچی کی نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی کی انتخابات میں کامیابی اور نئی حکومت کی تشکیل پانے کے بعد یہ پہلا اعلیٰ سطحی دورہ ہے ۔ ہندوستان نے میانمار کے داخلی امن کی راہ میں مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔ دونوں ممالک نے باہمی رابطے ‘ میڈیسن اور قابل تجدید توانائی کے شعبہ میں تعاون کو مزید بڑھانے کیلئے چار یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے ۔ بعدازاں میڈیا کے روبرو ایک بیان سنایا گیا جس میں نریندر مودی نے کہا کہ دونوں ممالک نے ایک دوسرے کی سیکورٹی دلچسپی کو تسلیم کیا ہے اور علاقہ میں دہشت گردی وباغیانہ سرگرمیوں سے متحدہ طور پر نمٹنے کا فیصلہ کیا ہے‘ صدر میانمار نے بھی اس بات سے اتفاق کیا کہ عوام کے تحفظ کیلئے دونوں ممالک کو ملکر کام کرنا چاہیئے ۔ میانمار اپنے پڑوسی ملک ہندوستان کو ایک اہم پارٹنر تصور کرتاہے جس کے ساتھ شمال مشرقی ریاستوں کی 1640کلومیٹر طویل سرحد ملتی ہے ۔ ان میں دہشت گردی سے متاثرہ ناگالینڈ اور منی پور بھی شامل ہیں۔