تاشقند ۔6 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اور ازبکستان نے جوہری توانائی ، دفاع اور تجارتی شعبہ میں باہمی روابط کو فروغ دینے کا فیصلہ کیاہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی اور صدر ازبکستان اسلام کریموف کی بات چیت کے دوران یہ موضوعات زیربحث آئے ۔ دونوں قائدین نے پڑوسی ممالک میں دہشت گردی میں اضافہ پر بھی تشویش ظاہر کی ۔ نریندر مودی اپنے 8 روزہ دورے وسطی ایشیاء اور روس کے سلسلے میں سب سے پہلے ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند پہنچے ۔ دونوں ممالک نے خارجہ دفاتر میں تعاون کے علاوہ ثقافت اور سیاحتی شعبہ میں بھی باہمی تعاون میں اضافہ کے تعلق سے تین معاہدوں پر دستخط کئے۔ نریندر مودی اور اسلام کریموف نے معاشی اور توانائی کے علاوہ دیگر اہم شعبوں میں باہمی تعاون کو بڑھانے کے سلسلے میں مختلف امکانات پر تبادلۂ خیال کیا ۔ اس کے علاوہ علاقائی موضوعات بشمول جنگ سے متاثرہ افغانستان کی صورتحال بھی زیربحث رہی ۔ اسلام کریموف کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہاکہ میرا سفر ازبکستان سے شروع ہورہا ہے جس سے ہندوستان کیلئے اس ملک کی اہمیت کا اندازہ کیا جاسکتا ہے ۔ نہ صرف اس علاقے بلکہ سارے ایشیاء میں بھی ازبکستان کی اہمیت ہے ۔ انھوں نے بتایاکہ ہندوستان اور ازبکستان کے مابین رابطے کو بڑھانے کیلئے ہم نے مختلف اُمور پر بات کی ہے ۔ علاقائی اور بین الاقوامی موضوعات بشمول افغانستان کی صورتحال پر ہوئی بات چیت کے حوالے سے مودی نے کہاکہ ہمارے پڑوسی ممالک میں انتہاپسندی اور دہشت گردی کے بڑھتے خطرات پر ہم دونوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ ہم نے اس بات سے اتفاق کیاکہ سکیورٹی تعاون کو بڑھانا چاہئے اور باہمی تبادلہ بھی بہتر بنانا ہوگا ۔ انسداد دہشت گردی پر باہمی مشترکہ ورکنگ گروپ کا جاریہ سال کے اواخر میں اجلاس ہوگا ۔ ہم نے دفاع اور سائبر سکیورٹی میں تعاون سے بھی اتفاق کیاہے ۔ دونوں ممالک کے قائدین نے معدنیاتی ذخائر سے مالا مال ازبکستان کے ساتھ یورانیم کی سربراہی سے متعلق گزشتہ سال طئے پائے معاہدے پر عمل آوری کے سلسلے میں بھی تبادلۂ خیال کیا ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے صدر اسلام کریموف کو تیرھویں صدی کے عظیم صوفی شاعر امیر خسرو کی خصوصی طورپر تیار کردہ ’’خمسۂ خسرو ‘‘بطور تحفہ پیش کی ۔ حضرت امیر خسروؔ کی پیدائش اُترپردیش میں ہوئی اور اُن کے والد کا تعلق ازبکستان سے تھا ۔ فارسی زبان میں تحریر کردہ خمسۂ خسرو کی انتہائی خوبصورتی کے ساتھ سجاوٹ کی گئی ہے اور مختلف رنگوں کے ذریعہ اسے چمکدار بنایا گیا ہے ۔ نیشنل میوزیم دہلی میں موجود قدیم مخطوطات کا یہ حصہ ہے ۔
صدر قازقستان نور سلطان نذر باؤف کو
مودی نے سالگرہ کی مبارکباد دی
وزیراعظم نریندر مودی نے صدر قازقستان نور سلطان نذر باؤف کو 75 ویں سالگرہ کی مبارکباد دی ۔ وہ کل اس ملک کا دورہ کرنے والے ہیں۔ انھوں نے ٹوئٹر پر لکھا کہ نذر باؤف کو 75 ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش ہے اور وہ اُن کی طویل عمر و صحتمندی کیلئے نیک خواہشات پیش کرتے ہیں ۔ نریندر مودی اس وقت ازبکستان کے دورے پر ہیں۔