واشنگٹن 22 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ نے پاکستان کے طاقتور فوجی سربراہ جنرل راحیل شریف سے کہا کہ وہ دہشت گرد گروپس کے خلاف کارروائی جاری رکھیں اور افغانستان سے ملنے والی سرحد پر ان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنائیں۔ یہ کارروائی ملک کے دوسرے علاقوں میں بھی کی جانی چاہئے ۔ جنرل راحیل شریف امریکہ کے دورہ پر ہیں اور وہاں انہوں نے اوباما انتظامیہ کے اعلی عہدیداروں سے ملاقات کرتے ہوئے باہمی اور علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کیا ۔ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں کے خلاف حالیہ وقتوں میںہوئی کارروائی پر انتظامیہ نے جنرل شریف کی تائید کی ہے ۔ جنرل راحیل شریف نے نومبر 2013 میں فوجی سربراہ کا عہدہ سنبھالا تھا جس کے بعد ان کا یہ اولین دورہ امریکہ ہے ۔ کہا گیا ہے کہ جنرل شریف اور ان کے ساتھیوں سے امریکی عہدیداروں نے واضح طور پر کہا کہ صرف منتخبہ انداز میں کارروائی نہیں ہونی چاہئے بلکہ بحیثیت مجموعی ملک کے دوسرے حصوں میں بھی دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کی جانی چاہئیں۔ پاکستانی وفد نے امریکی امداد کی خواہش بھی کی ۔