لاہور ۔ 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی حملوں کے ماسٹر مائنڈ حافظ سعید نے اقوام متحدہ میں ایک درخواست داخل کرتے ہوئے ان کا نام دہشت گردوں کی فہرست سے حذف کرنے کی اپیل کی ہے جس کیلئے انہوں نے یہ استدلال پیش کیاکہ پاکستانی عدالتوں میں ان کے دہشت گرد ہونے یا کسی اور معاملہ میں ان کے ملوث ہونے کے کسی بھی الزامات کو ثابت نہیں کیا جاسکا۔ ممنوعہ جماعت الدعوۃ کے سربراہ جن کے سر پر 10 ملین امریکی ڈالرس کا انعام ہے، کو 24 نومبر کو اس وقت رہا کردیا گیا تھا جب حکومت پاکستان نے انہیں کسی بھی دیگر معاملہ میں مزید نظربند نہ رکھے جانے کا فیصلہ کیا تھا۔ یاد رہیکہ حافظ سعید جاریہ سال جنوری سے اپنے مکان میں نظربند تھے۔ اقوام متحدہ میں حافظ سعید کی جانب سے لاہور کی فرم مرزا اینڈ مرزا لاء اسوسی ایٹس نے درخواست کا ادخال کیا تھا۔