این ڈی اے دور حکومت میں دہشت گرد دوبارہ ابھر رہے ہیں : عمر عبداللہ
سرینگر ۔ 23 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام ) : نائب صدر نیشنل کانفرنس عمر عبداللہ نے آج کہا کہ ’ این ڈی اے ‘ حکومت کا دعویٰ کہ اس کے دور حکومت میں کشمیر میں زائد دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا جب کہ ’ یو پی اے ‘ سے تقابل پر عمر عبداللہ نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دراصل دہشت گردی کو دوبارہ ابھرنے کا موقع دیا گیا ۔ عمر عبداللہ نے ٹویٹ میں کہا کہ دہشت گردوں کو ابھرنے کا موقع دیا گیا ہے تاکہ کشمیر میں موجود ’ سیکوریٹی فورسیس ‘ کو دہشت گردوں کو زیادہ ہلاک کرنے کا اعزاز مل سکے ۔ سابق چیف منسٹر جموں و کشمیر عمر عبداللہ دراصل روی شنکر پرساد کے ٹویٹ اور بیان پر کہ این ڈی اے حکومت میں بالمقابل یو پی اے حکومت زیادہ دہشت گردوں کو مار گرایا ہے ، اپنا ردعمل ظاہر کررہے تھے ۔ پرساد نے کہا کہ سیکوریٹی فورسیس نے 72 اور 67 دہشت گردوں کو سال 2012 اور 2013 میں یو پی اے حکومت میں مار گرایا تھا جب کہ یہ تعداد سال 2014 میں 110 تک پہنچ گئی ۔ اس وقت این ڈی اے
کی مرکز میں حکومت تھی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیکوریٹی فورسیس نے سال 2015 میں 108، 2016 میں 150 ، 2017 میں 217 اور رواں سال میں ماہ مئی تک 75 دہشت گردوں کو مار گرایا ۔ عمر عبداللہ نے بجا طور پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کی ہلاکت کی تعداد میں اضافہ کوئی کامیابی (کی دلیل) نہیں ہے۔