دہشت گردوں کا حامی ، ملک کا دشمن : رجیجو

نئی دہلی ۔ /26 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر کرن رجیجو نے آج کہا کہ کوئی بھی شخص قوم پرستی کی تشریح بیان کرنے کا ’’کامل حق‘‘ تو نہیں رکھتا لیکن جو کوئی ہندوستان کو توڑنا چاہتا ہے اور دہشت گردوں کی حمایت کرتا ہے وہ ملک دشمن ، ضرور کہلایا جاسکتا ہے ۔ رجیجو نے کہا کہ اظہار خیال کی آزادی کے نام پر اب چند طلبہ حتی کہ ہندوستان کو توڑنے کی بات کرنے لگے ہیں ۔ مملکتی وزیر داخلہ رجیجو نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’’کسی کو بھی قوم پرستی کی تشریح بیان کرنے کا مکمل حق و اختیار حاصل نہیں ہے ۔ لیکن جو کوئی ہندوستان کو توڑنا چاہتا ہے اور افضل گرو اور دہشت گردوں کی تائید کرتا ہے تو یقیناً وہ ملک دشمن ہوتا ہے ‘‘ ۔ کرن رجیجو نے جو خود بھی دہلی یونیورسٹی کے فارغ التحصیل ہیں اس یونیورسٹی کے نارتھ کیمپس میں آر ایس ایس کی طلبہ تنظیم اے بی وی پی اور بائیں بازو سے ملحقہ اے آئی ایس اے کے درمیان ہوئی جھڑپوں کے پس منظر میں یہ ریمارکس کئے ہیں ۔