نیویارک 27 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ایک ہندوستانی نژاد ڈاکٹرکو شعبہ صحت میں دھوکہ دہی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے 18 ماہ کی سزائے قید کا حکم سنایا گیا ہے۔ علاوہ ازیں اُسے 84000 ڈالرس جرمانہ ادا کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ 43 سالہ مہیش کوگورو نیویارک میں ایک ’’پین (درد) مینجمنٹ سنٹر‘‘ کا مالک تھا۔ امریکی ڈسٹرکٹ کورٹ کے جج ڈیوڈ نے اُسے 18 ماہ کی سزائے قید شعبہ صحت میں دھوکہ دہی اور مزید 12 ماہ کی سزا اُس جرم کے تحت سنائی ہے جو اُس نے حکومت کی جانب سے کنٹرول کی جانے والی ادویات کی تقسیم کے ذریعہ انجام دیا تھا۔ دونوں سزاؤں کا اطلاق بیک وقت ہوگا۔ اُس کے دواخانے میں ایسے ڈاکٹرس فرائض انجام دیتے تھے جن کے پاس کوئی باقاعدہ میڈیکل ڈگری یا لائسنس نہیں ہوتا تھا اور اس طرح مریض اُن کے رحم و کرم پر ہوتے تھے۔